ہر پولنگ بوتھ کیلئے ایجنٹ کے تقرر کی سفارش، سیاسی پارٹیوں کے ساتھ سدرشن ریڈی کا اجلاس
حیدرآباد ۔6 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے تمام سیاسی پارٹیوں پر زور دیا ہے کہ ریاست میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم (SIR) کے آغاز سے قبل ہر پولنگ اسٹیشن کیلئے کم از کم ایک بوتھ سطح کے ایجنٹ کا تقرر کریں۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح پر بہتر تال میل کے ذریعہ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے کام کو آسان بنایا جاسکتا ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے مسلمہ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں کے لئے ایجنٹس کا تعلق مقامی علاقہ سے ہونا چاہئے جو رائے دہندوں سے بخوبی واقف ہو۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ بوتھ سطح کے عہدیداروں کے ساتھ مقامی سیاسی ایجنٹس کو نقائص سے پاک فہرست رائے دہندگان کی تیاری میں تعاون کرنا چاہئے ۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں سے کہا کہ وہ ہر پولنگ اسٹیشن کیلئے کم از کم ایک بوتھ لیول ایجنٹ کا تقرر کریں تاکہ بروقت اور شفافیت کے ساتھ فہرست رائے دہندگان تیار کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی کا کام ملک کی 12 ریاستوں میں جاری ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا اپریل یا مئی کے دوران باقی ریاستوں میں نظرثانی مہم کا شیڈول جاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی مہم کے دوسرے مرحلہ میں ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو چاہئے کہ وہ بوتھ سطح پر تجربہ کار افراد کا تعین کریں۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کی ابتدائی تیاری شروع کردی ہے۔ تیاریوں کے سلسلہ میں 2025 کی فہرست رائے دہندگان کا ایس آئی آر 2002 سے تقابل کیا جارہا ہے۔ اس کام کی تکمیل کے بعد فیلڈ سطح پر مکانات کا دورہ کرتے ہوئے بوتھ لیول عہدیدار رائے دہندوں کی شناخت کریں گے۔ ایس آئی آر مہم کے دوران بوتھ لیول عہدیداروں کو اپنے علاقہ کے کم از کم 3 تا 4 پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرنا چاہئے ۔ پہلے مرحلہ میں ناموں کی شمولیت کے فارمس جاری کئے جائیں گے ۔ بعد میں ایسے مکانات کی نشاندہی کی جائے گی جو پہلے مرحلہ میں شامل نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نظرثانی مہم کے آغاز کے بعد ہی رائے دہندوں کو دستاویزی ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ سدرشن ریڈی نے سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ فہرست رائے دہندگان کی تیاری مہم میں الیکشن حکام سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں اور الیکشن کمیشن میں بہتر تال میل کے ذریعہ ہی تلنگانہ کی فہرست رائے دہندگان نقائص کے بغیر تیار کی جاسکتی ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر وی وینکٹیشور ریڈی ، ڈپٹی الیکٹورل آفیسر ہری سنگھ اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔1