حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) بی جے پی کے قومی صدر نتن نبین نے پارٹی قائدین اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ میں پارٹی کی کامیابی کے نشانہ کے تحت سرگرم ہو جائیں۔ قومی صدر نے قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی مسائل پر جدوجہد کریں کیونکہ عوامی جدوجہد کے ذریعہ ہی اقتدار حاصل کیا جاسکتا ہے۔ نتن نبین آج حیدرآباد کے تین روزہ دورہ پر پہنچے اور انہوں نے عادل آباد، سوریہ پیٹ، آصف آباد، نرمل، کاماریڈی، سدی پیٹ، میدک، ونپرتی اور ناگر کرنول اضلاع میں بی جے پی کے دفاتر کا ورچول افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بی جے پی صدر نے کہا کہ مغربی بنگال میں پارٹی کی کامیابی کو ماڈل کے طور پر قبول کرتے ہوئے تلنگانہ میں اقتدار کی مساعی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت اور جدوجہد کے ذریعہ ہی ریاست میں اقتدار حاصل کیا جاسکتا ہے۔ مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں میں بی جے پی نے جدوجہد کے ذریعہ ہی اقتدار حاصل کیا۔ تلنگانہ کے ہر کارکن کو پارٹی کو برسر اقتدار لانے کا عہد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں پارٹی کارکنوں کی جدوجہد کے نتیجہ میں بی جے پی برسر اقتدار آئی ہے۔ اسی جذبہ پر تلنگانہ میں عمل آوری اور جدوجہد کی ضرورت ہے۔ 1؍F