تلنگانہ میں بوگس فارم 7 کا ریاکٹ بے نقاب : سید عظمت اللہ حسینی

   

ECI کی پشت پناہی سے بی جے پی اور آر ایس ایس مسلمانوں کے نام خارج کرنے کی کوشش کرنے کا الزام
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : کانگریس قائد و صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظر ثانی کے دوران ووٹرس کے نام بالخصوص مسلمانوں کے نام خارج کرنے کے معاملے پر بوگس فارم 7 کے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی پشت پناہی سے بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ اصل اور حقیقی ووٹرس کے نام ووٹر لسٹ سے کاٹنے کی ایک بڑی سازش کررہے ہیں ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ ماضی میں جس طرح نئے ووٹرس کے اندراج کے لیے استعمال ہونے والے فارم 6 میں غیر دستوری طریقے سے چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی ۔ بالکل اسی طرز پر اب فارم 7 کے ذریعے اصل ووٹرس کے ووٹ منسوخ کرنے کا کام کیا جارہا ہے ۔ صدر نشین ریاستی وقف بورڈ نے موصولہ اطلاعات اور حقائق کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ تلنگانہ بھر میں تقریبا 2 لاکھ سے 2.5 لاکھ پہلے سے پرنٹ شدہ فارم 7 الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائے جارہے ہیں ۔ قانون کے مطابق فارم 7 جمع ہونے کے بعد گراونڈ لیول پر تصدیق لازمی ہے ۔ لیکن بغیر کسی صحیح جانچ پڑتال کے ووٹرس کے نام ووٹر لسٹ سے منسوخ کئے جارہے ہیں ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ اس سنگین معاملے پر کانگریس پارٹی کی جانب سے ریاستی الیکشن آفیسر سدرشن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر اعتراض کرتے ہوئے شکایت کی گئی اور ثبوت بھی پیش کیا گیا ۔ انہوں نے انتخابی حکام اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ اگر کسی بھی بی ایل او یا ERO کی سطح پر غلط اور بوگس فارم جمع کر کے ووٹر لسٹ سے نام ہٹائے گئے ہیں تو ایسے عہدیداروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے اس سارے ریاکٹ کی گہرائی سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ۔ یہ لاکھوں پری پرنٹیڈ فارمس کہاں سے اور کس پرنٹنگ پریس سے چھپ کر آئے ہیں ۔ اس سازش میں جو بھی قائدین ، پارٹیاں اور تنظیمیں ملوث ہیں ان سب کی شناخت کر کے ان کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے ۔۔ 2/m/b