تلنگانہ میں بی جے پی کی سرگرم رکنیت سازی مہم،بی ایل سنتوش کا فراست علی باقری کوخراجِ تحسین

   

حیدرآباد۔6؍نومبر۔ (راست) سابق ترجمان تلنگانہ بی جے پی میرفراست علی باقری نے جو قومی دارالحکومت دہلی کے دورہ پر ہیں قومی جنرل سکریٹری بی جے پی بی ایل سنتوش سے ملاقات کی اور ان سے تلنگانہ کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فراست علی باقری نے سنتوش سے خواہش کی کہ نریندرمودی حکومت کی جانب سے ملک میں جو ترقیاتی وفلاحی اسکیمات پر عمل آوری کی جارہی ہے اس کے سلسلہ میں تلنگانہ کا خاص خیال رکھا جائے اور اس ریاست میں بھی اِن اسکیمات کو مؤثرانداز میں اور بڑے پیمانہ پر روبہ عمل لایا جائے۔ جس پر قومی جنرل سکریٹری بی جے پی مثبت ردِعمل کااظہار کیا۔ سابق ترجمان تلنگانہ بی جے پی نے قومی جنرل سکریٹری بی جے پی کو تلنگانہ میں بی جے پی کی رکنیت سازی مہم کے بارے میں بھی تفصیلی طورپر واقف کرایااور بتایا کہ ریاست میں بی جے پی کی رکنیت سازی مہم زور و شور سے جاری ہے اور عوام کے مختلف طبقات اور بالخصوص اقلیتی طبقات کی جانب سے اِس سلسلہ میں کافی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ مسلمانوں کی کافی تعداد بھی پہل کرتے ہوئے مرکز میں برسراقتدار اِس جماعت کی رکنیت اختیار کررہی ہے اور اُن میں بی جے پی کے رکن بننے کے تعلق سے بے حد گرمجوشی دیکھی جارہی ہے۔سنتوش نے تلنگانہ اور بالخصوص دارالحکومت حیدرآباد میں سرگرم طورپر بی جے پی کی رکنیت سازی مہم چلانے پر فراست علی باقری کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ فراست علی باقری نے سابق ڈائرکٹر جنرل پولیس اترپردیش سوریہ کمار سنگھ آئی پی ایس، دھننجے سنگھ، سی ایچ شیر سنگھ اور جمال صدیقی سے بھی بی جے پی کے مرکزی دفتر واقع پنڈت دین دیال اپادھیائے مارگ نئی دہلی میں ملاقات کی۔