صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی ہنمنت راؤ سے ملاقات، ہائی کمان سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔/11ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آج سابق صدر پردیش کانگریس اور سینئر لیڈر وی ہنمنت راؤ سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ دونوں قائدین نے تلنگانہ میں حکومت اور پارٹی کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور حکومت کی اسکیمات پر کامیاب عمل آوری میں کانگریس قائدین اور کارکنوں کے رول کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ہنمنت راؤ نے امید ظاہر کی کہ مہیش کمار گوڑ کی صدارت میں کانگریس پارٹی تلنگانہ میں مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کمان نے پارٹی کی صدارت کیلئے بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے مہیش کمار گوڑ کا انتخاب کرتے ہوئے بی سی طبقات کو ترجیح دی ہے۔ وی ہنمنت راؤ نے تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات سے قبل بی سی تحفظات کو قطعیت دینے پر زور دیا اور کہا کہ ہائی کورٹ نے بی سی مردم شماری کو تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری اور تحفظات کے تعین کے بعد ہی مجالس مقامی کے انتخابات کرائے جائیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بی سی مردم شماری کی تکمیل کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ میں بی سی طبقات کو موثر نمائندگی کا تیقن دیا۔ وی ہنمنت راؤ نے مہیش کمار گوڑ کو تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر خیریت آباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر روہن ریڈی، فشریزکارپوریشن کے صدرنشین ایم سائی، پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری ایس سریکانت گوڑ کے علاوہ لکشمن یادو، گیانیشور گوڑ، نارائن سوامی، ایل یادگیری گوڑ، رمیش رام بابو، ٹی جگن ، کرشنا گوڑ، شیخ ضمیر اور دیگر قائدین موجود تھے۔1