تلنگانہ میں دھان کی 153 لاکھ میٹرک ٹن کی ریکارڈ پیداوار

   

اتم کمار ریڈی نے دھان کی خریدی مراکز کا معائنہ کیا

حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں دھان کی پیداوار میں ملک بھر میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے آج حضور آباد اسمبلی حلقہ میں دھان کی خریدی مراکز کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے غیر کارکرد ہونے کے باوجود ریاست نے 153 لاکھ میٹرک ٹن کی دھان کی پیداوار کا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ملک میں تاریخ رقم کی ہے۔ 40 لاکھ کسانوں نے 66.07 لاکھ ایکڑ اراضی پر دھان کی فصل اگائی ہے۔ کانگریس حکومت نے دھان کی خریدی کے لئے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔ 23 نومبر تک 21.73 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدی گئی جس کی مالیت 5040 کروڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی دونوں اقسام کی پیداوار تلنگانہ میں حوصلہ افزاء رہی۔ حکومت نے کسانوں کے لئے 283.25 کروڑ بطور بونس اعلان کیا ہے جس میں سے 80.17 کروڑ تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ کسانوں کو دھان کی قیمت کے طور پر 2760 کروڑ جاری کردیئے گئے۔ باقی رقم جلد ہی جاری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی موافق کسان پالیسیوں کے سبب دھان کی پیداوار میں تلنگانہ نے دیگر ریاستوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت نے وعدے کے مطابق کسانوں کی قرض معافی اسکیم پر عمل آوری کی ہے۔ 1
تلنگانہ میں 6 ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس کو اضافی ذمہ داریاں
حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ڈائرکٹر نے ریاست میں 6 ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس کو اضافی ذمہ داری دی ہے۔ سرسلہ، جگتیال، ناگرکرنول، جنگاؤں، گدوال اور ونپرتی کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس کو نئی ذمہ داریاں دی ہیں۔ بی جگن موہن ریڈی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جگتیال کو سرسلہ کی اضافی ذمہ داری دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جنگاؤں رنرو کو جگتیال کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی ذمہ داری دی گئی۔ اے رمیش کمار ڈی ای او سرسلہ کو ناگرکرنول، ایم رمیش اسسٹنٹ ڈائرکٹر کو ڈی ای او جنگاؤں، گوند راجولو ڈی ای او ناگرکرنول کو نارائن پیٹ و گدوال جبکہ محمد عبدالغنی ڈی ای او نارائن پیٹ کو ڈی ای او ونپرتی کی اضافی ذمہ داری دی گئی۔ 1