تلنگانہ میں سولار اینرجی کے شعبہ میں جرمن اداروں کی دلچسپی

   

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا سے ملاقات، جرمنی کی ٹکنالوجی سے استفادہ کا پیشکش
حیدرآباد 9 اکتوبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ حکومت سولار برقی پیداوار کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ ریاست میں برقی شعبہ کو مستحکم کرنے حکومت سولار برقی جنریشن کی حوصلہ افزائی کرے گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر سے جرمنی کے اعلیٰ سطحی وفد نے سکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ جرمنی کے نمائندوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے سولار اینرجی کے شعبہ میں دلچسپی کے پیش نظر وہ بعض تجاویز پیش کرنا چاہتے ہیں۔ جرمنی کے اداروں میں سولار پاور جنریشن کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ 29 لاکھ زرعی پمپ سیٹس کو مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ گروہا جیوتی اسکیم کے تحت غریبوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کے پمپ سیٹس اور گروہا جیوتی کے استفادہ کنندگان کو حکومت سولار اینرجی کی سربراہی جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سولار اینرجی کے ذریعہ کسانوں اور گروہا جیوتی کے استفادہ کنندگان کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کرے گی۔ بھٹی وکرمارکا نے پرنسپل سکریٹری اینرجی نوین متل کوہدایت دی کہ وہ اس بات کا جائزہ لیں کہ سولار اینرجی کے شعبہ میں جرمنی کی ٹکنالوجی کا کس حد تک استعمال کیا جاسکتا ہے۔ جرمنی کی ٹیم کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے تلنگانہ میں برقی شعبہ کے استحکام پر مبنی رپورٹ تیار کی جائے۔ بھٹی وکرمارکا نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ جرمنی کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تفصیلی جائزہ لیں۔ اس موقع پر ٹرانسکو کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر کرشنا بھاسکر ، سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی ، ریڈکو کی مینجر ڈائرکٹر انیتا اور جرمنی کے وفد میں شامل ڈاکٹر سباسٹین ، ڈاکٹر رگھو اور دوسرے موجود تھے۔1