سکریٹریٹ میں کرسمس تقاریب، ریاستی وزیر ڈی سیتکا کا خطاب
حیدرآباد۔/20 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ڈی انوسیا سیتکا نے کہا کہ ریاست میں ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھے گی اور تمام طبقات کی یکساں ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ بی آر امبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ کرسچن ایمپلائز اسوسی ایشن کی جانب سے سکریٹریٹ میں کرسمس تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ریاستی وزیر سیتکا نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ ؑ کی ولادت کو دنیا بھر میں کرسمس کے طور پر منایا جاتا ہے اور کرسچن اداروں کی فلاحی خدمات قابل ستائش ہیں۔ تلنگانہ حکومت عیسائیوں کو تحفظ فراہم کرے گی اور امن وامان اور بھائی چارہ کے ساتھ تلنگانہ ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ریاست میں فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ایڈورڈ ولیمس نے کیک کاٹا اور خطاب کیا۔ سکریٹریٹ ایمپلائز اسوسی ایشن کے نائب صدر ای چٹی بابو نے صدارت کی۔ صدر اسوسی ایشن لال بہادر شاستری نے خیرمقدم کیا۔ اسوسی ایشن کے ارکان سورنا راجو، ششی بھوشن، پرمیلا ، دیو راجو، وکرم ، جیکب راس، سوامی ناتھن اور دوسروں نے تقریب کے انتظامات کئے۔ر