تلنگانہ میں مذاہب ، ذات پات اور زبانوں کا احترام

   

مذہب کی سیاست کرنے والی بی جے پی پر اردو کے خلاف نفرت پھیلا نے کا الزام : طارق انصاری
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے اسٹیٹ سکریٹری طارق انصاری نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی واحد سیکولر ریاست ہے جہاں مذاہب ، ذات پات ، زبانوں کا بلالحاظ مذہب و ملت احترام کیا جاتا ہے اور سرکاری طور پر عیدیں اور تہواریں منائی جاتی ہے ۔ مذہب کے نام پر سیاست کرنے والی بی جے پی زبان کی بنیاد پر نفرت پھیلاتے ہوئے گروپ I کے امتحانات اردو میں منعقد کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے دستور کی توہین کررہی ہے ۔ طارق انصاری نے بتایا کہ اردو سارے تلنگانہ کی دوسری سرکاری زبان ہے ۔ بلکہ دستور کے شیڈول 8 میں شامل 22 زبانوں میں اردو بھی شامل ہے ۔ سیول سرویس کے امتحانات بھی اردو میں منعقد کئے جاتے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست میں 80 ہزار سے زائد مختلف محکمہ جات کے جائیدادوں پر تقررات کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے جس سے نوجوانوں میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ اس فیصلے کے بعد بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ۔ اس کو نوجوانوں کی تائید سے محرومی کا اندازہ ہوگیا ہے ۔ اس لیے اردو میں منعقد کئے جانے والے گروپ I کے امتحانات کو بی جے پی نشانہ بناتے ہوئے ریاست میں نفرت کا زہر پھیلا رہی ہے ۔ بی جے پی کے قائدین بنڈی سنجے ، ڈی اروند اور راجہ سنگھ اردو زبان کے خلاف مہم شروع کرچکے ہیں جس کا ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے منھ توڑ جواب دیا ہے ۔ حکمران جماعت بی جے پی کی اس مہم سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوگی بلکہ گروپ I کے امتحانات کا اردو میں انعقاد کیا جائے گا ۔ طارق انصاری نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے جو انتخابات میں چکنا چور ہوجائے گا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس ہیٹ ٹرک کامیابی حاصل کرے گی ۔۔ ن