14 جون سے عمل آوری ، 25جون سے 24جولائی تک گھر گھر سروے ، 31جولائی کو مسو دہ ووٹرلسٹ کی اجرائی
حیدرآباد میں 60فیصد تک میاپنگ مکمل ، فوری توجہ نہ دینے پر ووٹر لسٹ سے نام حذف ہونے کا خطرہ
حیدرآباد : 15 مئی ( سیاست نیوز) سنٹرل الیکشن کمیشن نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے بشمول 16 ریاستوں میں ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے ۔ 2002 کے بعد پہلی بار ہونے والی اس مہم کا مقصد بوگس ووٹوں کا خاتمہ اور فہرست کو مکمل شفاف بنانا ہے ۔ 25 جون تا 24 جولائی عملہ کی تربیت اور مواد کی پرنٹنگ ہوگی ، 25جون تا 24جولائی بی ایل اوز (BLO’s) کا گھر گھر سروے اور فارمس کی تقسیم کی جائے گی ۔ 31جولائی کو ووٹر لسٹ کا مسودہ جاری ہوگا ، 31 جولائی تا 30 اگست تک ووٹر لسٹ میں نئے اندراج (فارم۔6) اور اعتراضات / درستگی ( فارم۔8) کیلئے درخواستیں دی جاسکتی ہیں۔ 31 جولائی تا 28 ستمبر تک اعتراضات کی سماعت اور مشکوک کیسیس کی تفتیش ہوگی ، یکم اکٹوبر 2026 کو حتمی ووٹر لسٹ کی اشاعت ہوگی ۔ اس بار بی ایل اوز آپ کے گھر پہنچ کر دو فارمس دیں گے ۔ جس میں آپ کو بتانا ہوگا کہ کیا آپ کا یا آپ کے بزرگوں کا نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں موجود تھا ۔ حیدرآباد میں ابھی تک صرف 60 فیصد میاپنگ مکمل ہوئی ہے جن کا نام 2002 کی فہرست رائے دہندگان سے میاچ نہیں ہوگا انہیں نوٹس جاری کر کے سماعت کیلئے طلب کیا جائے گا ۔ یکم اکٹوبر2026 تک 18سال عمر مکمل کرنے والے تمام شہری ووٹ کیلئے اہل ہوں گے جو (SIR) کا حصہ بن سکتے ہیں ۔ اگر آپ کو سماعت کیلئے طلب کیا جاتا ہے تو کوئی ایک دستاویز پیش کرنا ہوگا مثلاً آدھار کارڈ ، پاسپورٹ یا پیدائش کا سرٹیفیکٹ ، تعلیمی اسناد (Recognized Board / University) ، سرکاری ملازمین / پنشنرس کا شناختی کارڈ ، ذاتی مکان / زمین کی الاٹمنٹ کا سرٹیفیکٹ یا فیملی رجسٹر، ذاتی سرٹیفیکٹ (OBC / SC / ST ) یا جنگلاتی اختیارات سرٹیفیکٹ ۔ اگر BLO’s کے پاس فارم جمع نہیں کروانے پر آپ کا نام ووٹر لسٹ سے حذف ہونے کا خطرہ ہے ۔ (ERO) کے فیصلے کے خلاف آپ ضلع کلکٹر سے پہلی اپیل اور پھر چیف الکٹورل آفسیر (CEO) سے دوسری اپیل کیلئے رجوع ہوسکتے ہیں ۔ 2/m/b