AICC تلنگانہ PCC پر کنٹرول کھوچکی ۔ ریاست کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : سینئیر قائد و سابق وزیر ٹی جیون ریڈی نے سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی اُلٹی گنتی شروع ہوچکی ہے اور عوام کے سی آر کے دور حکمرانی کو یاد کررہے ہیں ۔ فارم ہاوز میں بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر سے ملاقات کرنے کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیا ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان ( AICC ) کا تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ( TPCC ) پر کنٹرول ختم ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک وہ بھی دور تھا جو PCC کہتی تھی چیف منسٹرس وہ کام کرتے تھے ۔ لیکن اب صورتحال مکمل طور پر بدل چکی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ایک حکمران کی طرح یکطرفہ فیصلے کررہے ہیں ۔ جب کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایک ایسے ادارہ میں تبدیل ہوگئی جو چیف منسٹر کے احکامات پر عمل کررہا ہے ۔ ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ پی سی سی کی ناکامیوں کیلئے اے آئی سی سی کو مورد الزام ٹھہرانا درست نہیں ہے ۔ بلکہ پوری پارٹی اور حکومت تنزلی کا شکار ہے ۔ تلنگانہ کے عوام کا مزاج بدل رہا ہے اور کانگریس حکومت سے عوام کی ناراضگی بڑھتی جارہی ہے ۔ لوگ چاہتے ہیں کہ کے سی آر دوبارہ اقتدار میں آئے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ریاست کی سیاست میں بڑی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی ۔۔/m/b 2