حیدرآباد۔8جون ( یواین آئی ) کرناٹک میں شکست کے بعد اب بی جے پی نے توجہ تلنگانہ پر مرکوز کردی ہے ۔جنوبی ہند کی ریاست میں پارٹی کو مستحکم کرنے جاریہ ماہ وزیراعظم مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی صدرجے پی نڈا کے ریاست کے دورہ کی اطلاع ہے ۔ وزیر اعظم مودی ذرائع کے مطابق ملکاجگری حلقہ میں ریلی میں شرکت کریں گے ۔ مودی نے کرناٹک انتخابات سے قبل بنگلورو میں 21 کلومیٹر طویل ریلی نکالی تھی۔ ملکاجگری میں بھی اسی طرح کی ریلی کا منصوبہ ہے ۔ بی جے پی ذرائع کا کہنا ہے کہ مودی کے دورہ کی تاریخ کو قطعیت نہیں دی گئی ہے جبکہ امیت شاہ 15 جون کو کھمم میں جلسہ میں شرکت کریں گے ،پارٹی صدر جے پی نڈا 25 جون کو ناگر کرنول میں جلسہ میں شرکت کریں گے ۔مودی حکومت کے 9سال مکمل ہونے پر بی جے پی ملک بھر میں مہاجن سمپرک ابھیان پروگرام کر رہی ہے ۔ اس کے تحت امیت شاہ ریاست کا دورہ کریں گے ۔تلنگانہ پردیش کانگریس صدر ریونت ریڈی ملکاجگری لوک سبھا حلقہ کے رکن ہیں۔ ملکاجگری کو ملک کا سب سے زیادہ آبادی والا پارلیمانی حلقہ کہا جاتا ہے ۔