تلنگانہ کانگریس قائدین میں اتحاد کیلئے پرینکا گاندھی کی مساعی

   

متحدہ مقابلہ سے اقتدار میں واپسی ، آئندہ ماہ دورہ حیدرآباد
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں کانگریس قائدین کے اختلافات کی یکسوئی کرتے ہوئے پارٹی مستحکم کرنے کی ذمہ داری جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی کو دی گئی ہے ۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں متحدہ مقابلہ کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے کا نشانہ ہے ۔ پرینکا گاندھی نے 4 یا 5 مئی کو دورہ حیدرآباد کا فیصلہ نئی دہلی میں تلنگانہ قائدین سے ملاقات کے دوران کیا ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی ملاقات میں شامل تھے ۔ ریونت ریڈی کے خلاف پارٹی کے سینئیر قائدین کی شکایات کے پس منظر میں پرینکا گاندھی کا مجوزہ دورہ اہمیت کا حامل ہے ۔ پرینکا گاندھی نے وینکٹ ریڈی سے ان کے متنازعہ بیانات کے بارے میں وضاحب طلب کی ۔ انہوں نے قائدین سے کہا کہ کسی بھی شکایت کے بارے میں ہائی کمان سے رجوع ہوں اور میڈیا میں جانے سے گریز کریں ۔ ان کا کہنا تھا کہ بیان بازی سے کانگریس کو نقصان ہوگا ۔ پرینکا گاندھی تلنگانہ دورہ سے قبل سینئیر قائدین سے انفرادی ملاقاتیں کریں گی ۔ ریونت ریڈی سے ناراض قائدین کو متحدہ طور پر الیکشن کا سامنا کرنے کی ہدایت دی جائے گی ۔ پارٹی میں ان قائدین کو اہم عہدوں کی پیشکش کی گئی ہے ۔ جولائی تک اے آئی سی سی کی بعض کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں آئے گی ۔ جس میں تلنگانہ کو موثر نمائندگی کا امکان ہے ۔ دورہ حیدرآباد کے موقعہ پر پرینکا گاندھی سماج کے مختلف طبقات سے ملاقات کریں گی ۔ وہ بعض قائدین کی قیام گاہ پہونچکر اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پر بات چیت کریں گی ۔ پرینکا کا یہ دورہ پارٹی میں اختلافات کی یکسوئی اور اتحاد کے قیام میں اہم رول ادا کرسکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پرینکا گاندھی نے ریونت ریڈی کو بھی مشورہ دیا کہ اہم فیصلوں میں سینئیر قائدین کو شامل کریں ۔ قائدین کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے ورکرس میں اتحاد کا پیام دیں ۔۔ ر