تلنگانہ کی بیٹیوں کا NEET PG 2026 میں شاندار کارنامہ

   

پلکشی پرساد کو قومی سطح پر دوسرا اور طہٰ امرین کو 43 واں رینک ، ریاست کا نام روشن
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : NEET PG2026 کے نتائج جاری کردئیے گئے ہیں ۔ تلنگانہ کے طلبہ بالخصوص طالبات نے ملک بھر میں شاندار کامیابی کے پرچم لہرا دئیے ہیں ۔ ریاست سے تعلق رکھنے والی با صلاحیت طالبہ پلکشی پرساد نے قومی سطح پر دوسرا رینک حاصل کر کے تلنگانہ کا سرفخر سے بلند کردیا ہے ۔ کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس بار قومی سطح پر ٹاپ 100 رینکس حاصل کرنے والوں میں ریاست کی طالبات کا شمار ہورہاہے ۔ پلکشی پرساد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 633 مارکس حاصل کئے اور قومی سطح پر دوسرا مقام حاصل کیا ۔ طہ آمرین نے 607 مارکس حاصل کر کے ملک بھر میں 43 واں رینک حاصل کیا ہے ۔ دیگر نمایاں طلبہ میں جے سی کارتیک 598 مارکس کے ساتھ 127 واں رینک‘ سی تیجا 598 مارکس کے ساتھ 129 واں رینک اور پی مہتا سری کیرتی 597 مارکس کے ساتھ 137 واں رینک حاصل کیا ہے ۔ اگرچہ کہ NEET PG کے نتائج 24 ستمبر کو جاری کئے جاچکے تھے تاہم کالوجی یونیورسٹی نے جمعہ کو ان تمام امیدواروں کی سرکاری فہرست جاری کی ہے ۔ جنہوں نے تلنگانہ کے ریاستی پتے کے ساتھ اس امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ کالوجی نارائن یونیورسٹی کے ذرائع کے مطابق اس فہرست میں جملہ 7676 امیدوار شامل ہیں ۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ان تمام نے اپنے ریاستی پتوں کے ساتھ درخواست دی ہے ۔ اس لیے فی الحال اسے حتمی مقامی رینک نہیں سمجھا جاسکتا ۔ امیدواروں کے اصل مقام اورعلاقوں کی تفصیلات کونسلنگ نوٹیفیکیشن کے مرحلے کے بعد مکمل واضح ہوں گی ۔ نیٹ پی جی کونسلنگ نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے بعد طلبہ کے لیے ویب آپشن کا عمل شروع کیا جائے گا ۔ اس سال تلنگانہ کے سرکاری و خانگی میڈیکل کالجس میں PG نشستوں کی تعداد میں 200 سے زائد اضافہ ہونے کی توقع ہے ۔۔ 2/a/b