تلنگانہ کی ترقی کے موضوع پر عثمانیہ یونیورسٹی میں 26 تا 28 فروری سہ روزہ نیشنل کانفرنس

   

حیدرآباد 20 فروری (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کے شعبہ سوشیالوجی کی جانب سے ریاست تلنگانہ کی تعمیر نو، مسائل، پالیسی اُمور اور ترقی کے امکانات کے موضوع پر ایک سہ روزہ نیشنل کانفرنس 26 تا 28 فروری عثمانیہ یونیورسٹی آرٹس کالج میں منعقد کی جائے گی۔ صدر شعبہ سوشیالوجی اور نیشنل سمینار ڈائرکٹر پروفیسر سی گنیش نے کہاکہ اس کانفرنس کا آغاز 26 فروری کو صبح 10 بجے آرٹس کالج کے ہال 133 میں ہوگا۔ اس کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور مال و امکنہ پی سرینواس ریڈی مہمان خصوصی ہوں گے۔ پروفیسر ڈی رویندر، وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی اعزازی مہمان ہوں گے اور پروفیسر ایم کودنڈا رام اس کانفرنس کے کلیدی مقرر ہوں گے۔ افتتاحی سیشن کے بعد اس موضوع پر پلینری سیشن منعقد ہوگا جس میں تعلیمات، رضاکارانہ تنظیموں کے اہمہ افراد، بیوروکریٹس، اخبارات کے ایڈیٹرس اور مخصوص شعبوں کے ماہرین مختلف عنوانات پر مخاطب کریں گے۔ اس کانفرنس میں تین دن تک مباحث ہوں گے۔ مختلف ریاستوں کے پروفیسرس اور ریسرچ اسکالرس تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔ اس کانفرنس کی اختتامی تقریب 28 فروری کو 11.30 بجے دن آرٹس کالج کے روم نمبر 133 میں منعقد ہوگی جس میں پروفیسر آر لمبادری مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ پروفیسر بی سدھاکر ریڈی جو آئی سی ایس ایس آر ۔ ایس آر سی کے اعزازی ڈائرکٹر ہیں اعزازی مہمان ہوں گے۔