تلنگانہ کے 119 اسمبلی حلقوں کیلئے بی جے پی کی حکمت عملی

   

ہر حلقہ کیلئے نگران کے تقرر کا فیصلہ ۔ آر ایس ایس قائدین سے مشاورت
حیدرآباد۔30 ۔ڈسمبر(سیاست نیوز) بی جے پی تلنگانہ میں انتخابی تیاریوں کا آغاز کرچکی ہے اور کہا جا رہاہے کہ پارٹی نے اپنے تمام قائدین بالخصوص پربھاری اور پالک کو متحرک ہونے کی ہدایات دیتے ہوئے تمام 119 حلقہ جات اسمبلی کیلئے نگران کے تقرر کا فیصلہ کیا ہے ۔ شاہ میر پیٹ میں جاری اجلاس کے دوران سرکردہ قائدین نے ریاست میں عاجلانہ انتخابات کی پیش قیاسی کرکے تمام کارکنوں اور قائدین کو متحرک ہونے کے علاوہ انہیں اپنے حلقہ جات میں عوام کے درمیان پہنچ کر مسائل کے حل میں دلچسپی دکھانے کی تاکید کی اور کہا ہے کہ تلنگانہ میں اگر عاجلانہ انتخابات ہوتے ہیں تو بی جے پی عوام کے درمیان رہے اسی لئے پارٹی نے تمام زمروں کے قائدین کیلئے تربیتی پروگرامس کا انعقاد عمل میں لاکر انہیں تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی تلنگانہ کے تمام 119 حلقہ جات کیلئے نگران مقرر کرکے انہیں فوری اپنے حلقہ جات کی پنا کمیٹیوں کی تشکیل کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے پنا پرمکھ کو متحرک کرکے انہیں ووٹرس کے درمیان پہنچنے کی تاکید کریں۔ بتایاجاتا ہے کہ نگران کے تقرر میں ریاستی قائدین سے سفارشات و تجاویز حاصل کرنے کے بعد کے سرکردہ قائدین نے انتخابی حکمت عملی تیار کرنے والے آر ایس ایس قائدین سے مشاورت مکمل کرلی ہے ۔پارٹی کے دو روزہ اجلاس میںمتعدد امور بالخصوص ریاست کی سیاسی صورتحال کے علاوہ جنوبی ہند میں پارٹی کے موقف اور آئندہ انتخابات میں پارٹی کے مظاہرہ کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا اور جنوبی ہند کی ریاستوں کے علاوہ تلنگانہ میں اسمبلی کے ساتھ پارلیمانی انتخابات کیلئے بھی کمیٹیوں کی تشکیل اور منصوبہ سے پارٹی قائدین و کارکنوں کو واقف کروایا گیا ہے۔