تلنگانہ کے 7 تا14 لوک سبھا حلقوں پر جنا سینا کا مقابلہ: پون کلیان

   

10 اسمبلی نشستوں پر کامیابی کی مساعی، عنقریب تلنگانہ کا تفصیلی دورہ
حیدرآباد۔/24جنوری، ( سیاست نیوز) جنا سینا کے سربراہ پون کلیان نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مسائل مختلف ہیں اور دونوں ریاستوں کی صورتحال کو یکساں طور پر نہیں دیکھا جاسکتا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پون کلیان نے کہا کہ تلنگانہ کے امور کا گہرائی سے جائزہ لینے کے بعد انتخابات میں حصہ لینے پر قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ پون کلیان نے کہا کہ تلنگانہ میں 7 تا 14 لوک سبھا حلقوں پر جنا سینا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے مقابلہ تلنگانہ میں زیادہ ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وجوہات کے سبب ان کی گاڑی کو حکام کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی جس گاڑی کے ذریعہ وہ دونوں ریاستوں کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ میں تفصیلی دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کریں گے۔ پون کلیان نے بتایا کہ وہ کریم نگر ضلع میں سنگارینی کالریز کے علاقوںکا دورہ کرچکے ہیں اور وہاں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنا سینا تحریکات اور جدوجہدکی سرزمین تلنگانہ میں وجود میں آئی ہے۔ مسلح جدوجہد سے لے کر علحدہ تلنگانہ تحریک تک عوام نے جدوجہد کا راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام کی بھلائی کیلئے نئی قیادت کی ضرورت ہے۔ انتخابی مفاہمت کے بارے میں پوچھے جانے پر پون کلیان نے کہاکہ انتخابات سے قبل مفاہمت کے بارے میں صورتحال واضح ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ میں مفاہمت کیلئے کسی بھی پارٹی کی پیشکش کا وہ جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کم سے کم 10 ارکان اسمبلی کی کامیابی کی جنا سینا مساعی کرے گی۔ر