میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ کی ملاقات، رپورٹ پر عمل آوری پر بات چیت
حیدرآباد ۔17۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے تمام طبقات کی سماجی ، معاشی ، تعلیمی ، روزگار اور دیگر شعبہ جات میں ترقی سے متعلق جامع سروے کی تکمیل پر ماہرین کی کمیٹی کے صدرنشین جسٹس سدرشن ریڈی اور نائب صدرنشین پروفیسر کانچہ ایلیا کو مبارکباد پیش کی گئی۔ صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کے ہمراہ جسٹس سدرشن ریڈی اور پروفیسر کانچہ ایلیا کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ ماہرین کی کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ سروے رپورٹ حکومت نے جاری کردی ہے جس کے تحت مختلف طبقات کی پسماندگی کا احاطہ کیا گیا ہے۔ میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ نے جسٹس سدرشن ریڈی اور پروفیسر کانچہ ایلیا سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کی ترقی اور معاشی و سماجی عدم توازن کے خاتمہ کیلئے کمیٹی نے جو سفارشات پیش کی ہے ، ان پر حکومت عمل کرے گی۔ قائدین نے کہا کہ انتہائی شفافیت اور سائنٹفک انداز میں سروے کے ذریعہ تمام طبقات کی حقیقت حال کو پیش کیا گیا ہے۔ جسٹس سدرشن ریڈی نے سماجی انصاف کے لئے کانگریس پارٹی اور حکومت کی مساعی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی کمیٹی نے تمام طبقات اور ذیلی طبقات کے معاشی اور سماجی موقف کا جائزہ لیا ہے جس کے تحت حکومت کو ترقی کے اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔1/k/m/b