حیدرآباد کو مرکز کا زیرانتظام علاقہ بننے سے روکنے کیلئے بی آر ایس کو ووٹ دیں
حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے قائدین نے تلنگانہ کے مفادات کا تحفظ کرنے حیدرآباد کو مرکز کا زیرانتظام علاقہ بننے سے روکنے کیلئے بی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے بی جے پی اور کانگریس کو شکست دینے کی عوام سے اپیل کی۔ بی آر ایس کے سابق ارکان قانون ساز کونسل محمد سلیم، محمد فاروق حسین، بی آر ایس کے قائد شیخ عبداللہ سہیل، سابق صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق، سابق وقف بورڈ رکن وحید احمد ایڈوکیٹ، بی آر ایس کے قائد محمد شریف نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی اور کانگریس کے دھوکہ میں نہ آئیں۔ بی آر ایس کو ووٹ دیتے ہوئے بی آر ایس سربراہ کے سی آر کو نئی سیاسی طاقت دیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے 10 سالہ دور حکومت میں تلنگانہ کو کچھ بھی نہیں دیا۔ صرف مذہبی جذبات کا استحصال کیا۔ ملک سے بیروزگاری کے خاتمہ میں ناکام ہوگئے۔ 15 لاکھ روپئے کسی بھی شہری کے بینک اکاؤنٹ میں نہیں آئے، اگر بی جے پی کو کامیاب بنایا جاتا ہے تو نفرت میں مزید اضافہ ہوگا اور بی جے پی حیدرآباد کو مرکز کا زیرانتظام علاقہ بنادے گی۔ بی آر ایس قائدین نے کہاکہ تلنگانہ کے مفادات کا صرف بی آر ایس تحفظ کرے گی۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کے لئے 12 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ کئی فلاحی اسکیمات سے عوام کو فائدہ پہنچایا گیا۔ کانگریس پارٹی نے ریاست میں عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھاتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ مگر 5 ماہ میں ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا گیا۔ ریاست میں برقی بحران پیدا ہوگیا، پانی کی قلت میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ بی جے پی اور کانگریس عوامی اعتماد سے محروم ہوگئے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات میں دونوں جماعتوں کو شکست دیتے ہوئے بی آر ایس کو کامیاب بنائیں۔ بی جے پی فرقہ پرستی کے نام پر عوام کو تقسیم کرتے ہوئے ملک کو مزید پسماندہ بنارہی ہے۔ جبکہ کانگریس پارٹی جھوٹے وعدے کرتے ہوئے عوامی جذبات کا استحصال کررہی ہے۔ اگر بی آر ایس کے 12 تا 14 امیدواروں کو کامیاب بنایا گیا تو بی آر ایس پارٹی مرکز میں حکومت تشکیل دینے کے معاملہ میں اہم رول ادا کرے گی اور ہوسکتا ہے کے سی آر ملک کے آئندہ وزیراعظم بن سکتے ہیں۔ 13 مئی فیصلے کا دن ہے۔ عوام اپنے گھروں سے باہر نکلیں بی آر ایس کو ووٹ دیں۔ بی آر ایس پارٹی عوامی جماعت ہے اور ہمیشہ عوام کے درمیان رہے گی۔ 2