تلنگانہ کے ہر ضلع میں میڈیکل کالجس کا قیام : کے ٹی آر

   

شہر کے اطراف ملٹی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس، اسپورٹس اور دیگر امور پر ٹوئٹر پر عوام کے سوالات کا جواب
حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں حکومت نے بھاری رقومات مختص کی ہیں تاکہ عوام کو بہتر طبی خدمات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے اطراف 3 نئے تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کے تحت ملٹی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے حال ہی میں چیف منسٹر کے سی آر نے سنگ بنیاد رکھا۔ ورنگل میں ایم جی ایم ہاسپٹل کو اَپ گریڈ کرتے ہوئے طبی سہولتوں میں توسیع کی گئی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست کے تمام 33 اضلاع میں میڈیکل کالجس قائم کئے جائیں گے۔ میڈیکل کالجس سے منسلک سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ ریاست میں غریبوں اور عام آدمی کیلئے سرکاری شعبہ میں بہتر علاج کی سہولتیں دستیاب رہیں۔ کے ٹی آر نے آج ٹوئٹر پر ’’ کے ٹی آر سے سوال کیجئے ‘‘ پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے عوام کے سوالات کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں چیف منسٹر کے عہدہ کی فروخت سے متعلق اطلاعات سے بی جے پی کا حقیقی روپ آشکار ہوچکا ہے۔ کے ٹی آر نے مختلف شعبہ جات اور سیاسی و سماجی امور کے سلسلہ میں پوچھے گئے سوالات کا جواب دیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام کا دوبارہ آشیرواد حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ میں ترقیاتی سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس، بی جے پی اور دیگر جماعتوں سے ٹی آر ایس کا مقابلہ رہے گا۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے قومی اداروں کو خانگیانے کی مخالفت کی اور کہا کہ سرمایہ کاری کے نام پر مرکزی حکومت عوامی اثاثہ جات کو فروخت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے رویہ کے خلاف ریاستوں کو متحدہ طور پر جمہوری انداز میں جدوجہد کرنے کا وقت آچکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کے ٹی آر نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ سیاست میں حصہ لیں اور عوام کی خدمت کے جذبہ کے تحت کام کریں۔ ایک شخص نے حیدرآباد میں آئی پی ایل کے میچس کے عدم انعقاد کے بارے میں سوال کیا جس پر کے ٹی آر نے کہا کہ اس بارے میں سورو گنگولی اور جئے شاہ سے سوال کریں۔ ایک اور شخص نے حیدرآباد میں آئی ٹی آئی آر کی مرکز کی جانب سے عدم منظوری کے بارے میں پوچھا جس پر کے ٹی آر نے کہا کہ مرکز کی این ڈی اے حکومت نے تلنگانہ کو کچھ نہیں دیا ہے۔ عادل آباد میں بی ڈی این ٹی لیب کے قیام سے متعلق سوال پر کے ٹی آر نے کہا کہ ضلع میں عنقریب لیب قائم کیا جائے گا۔ ٹی آر ایس کی تلنگانہ کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں توسیع کے بارے میں تجویز پر کے ٹی آر نے کہا کہ مستقبل میں کیا ہوگا اس بارے میں کوئی اندازہ نہیں کرسکتا۔ر