تروملا دیوی، مدھو سدن راؤ، وائی رینوکا اور نرسنگ راؤ کے ناموں کو صدر جمہوریہ کی منظوری
حیدرآباد۔/22 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے 4 نئے ججس کے تقررات عمل میں لاتے ہوئے مرکزی حکومت نے آج احکامات جاری کردیئے۔ جسٹس تروملا دیوی، جسٹس مدھو سدن راؤ، جسٹس وائی رینوکا اور جسٹس نرسنگ راؤ کے تقرر سے متعلق سپریم کورٹ کالجیم کی سفارشات کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے منظوری دے دی۔ صدر جمہوریہ کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے احکامات جاری کئے۔ ہائی کورٹ کے ججس کی حیثیت سے تقرر کے بعد تروملا دیوی آئندہ سال یکم جون، وائی رینوکا، نرسنگ راؤ اور مدھو سدن راؤ آئندہ دو برسوں تک برقرار رہیں گے۔ سپریم کورٹ کالجیم نے 11 جنوری کو اپنے اجلاس میں ضلع ججس کے طور پر خدمات انجام دینے والے چار سینئر ججس کو ہائی کورٹ کے جج مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔ ضلع ججس کے کوٹہ کے تحت یہ تقررات عمل میں لائے گئے۔ سٹی سیول کورٹ حیدرآباد کی چیف جج وائی رینوکا، سٹی سیول اسمال کازس کورٹ کے چیف جج این نرسنگ راؤ، ہائی کورٹ رجسٹرار جنرل ای تروملا دیوی اور ہائی کورٹ کے رجسٹرار اڈمنسٹریشن بی آر مدھو سدن راؤ کو تلنگانہ ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں ججس کی تعداد بڑھ کر 30 ہوجائے گی اور الاٹ کردہ تعداد کے مطابق مزید ججس کے تقررات باقی ہیں۔1