تلگو ریاستوں کی 6 راجیہ سبھا نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا

   

8 فروری سے پرچہ نامزدگی ، 27 فروری رائے دہی، تلنگانہ میں کانگریس کو 2 اور بی آر ایس کو ایک نشست کا امکان
حیدرآباد 29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے 15 ریاستوں کی 56 راجیہ سبھا نشستوں کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ۔ 15 ریاستوں میں تلنگانہ کی 3 اور آندھراپردیش کی 3 لوک سبھا نشستیں شامل ہیں۔ دونوں ریاستوں کی 6 نشستوں کی میعاد 2 اپریل 2024 کو ختم ہورہی ہے۔ بہار کی 6 ، مہاراشٹرا 6 ، اترپردیش 10 ، مغربی بنگال 5 ، گجرات 4 ، کرناٹک 4 ، راجستھان 3 ، اڈیشہ 3 ، چھتیس گڑھ ، ہریانہ ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کی ایک ایک راجیہ سبھا نشستوں کیلئے انتخابی شیڈول جاری کیا گیا۔ شیڈول کے مطابق 8 فروری کو اعلامیہ جاری کیا جائیگا جس کے بعد پرچہ جات نامزدگی کا آغاز ہوجائیگا۔ 15فروری پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ رہیگی ۔ پرچہ جات کی جانچ 16 فروری کو ہوگی اور 20 فروری تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ رائے دہی 27 فروری کو صبح 9 تا شام 4 بجے ہوگی اور اسی دن شام 5 بجے رائے شماری اور نتیجہ کا اعلان کیا جائیگا ۔ راجیہ سبھا نشستوں کے انتخابات کا مرحلہ 29 فروری تک مکمل کرلیا جائے گا ۔ ریاستوں کے ریٹرننگ آفیسرس کو انتخابی تیاریوں کیلئے الیکشن کمیشن نے ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں بی آر ایس ارکان جے سنتوش کمار ، بی لنگیا یادو اور روی چندر کی میعاد 2 اپریل کو ختم ہورہی ہے۔ آندھراپردیش میں سی ایم رمیش ، کے رویندر کمار اور وی پربھاکر ریڈی کی میعاد 2 اپریل کو ختم ہوگی۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے برسر اقتدار کانگریس کو 2 اور بی آر ایس کو ایک نشست پر کامیابی حاصل ہوسکتی ہے ۔ راجیہ سبھا کی ایک نشست پر کامیابی کیلئے کم از کم 30 ارکان اسمبلی کی تائید ضروری ہے۔ اسمبلی میں کانگریس کے ارکان کی تعداد 64 ہے جبکہ حلیف پارٹی سی پی آئی کا ایک رکن ہے جبکہ بی آر ایس 39 نشستوں کے ساتھ مین اپوزیشن کے موقف میں ہے۔ الیکشن کمیشن سے شیڈول کی اجرائی کے فوری بعد کانگریس اور بی آر ایس میں راجیہ سبھا کی نشستوں کیلئے سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ 1