تلگو ریاستوں کے سیاسی قائدین کی آج قسمت کا فیصلہ

   

تلنگانہ کے 17 لوک سبھا اور ایک اسمبلی ، آندھراپردیش میں 25 لوک سبھا اور اسمبلی کے انتخابات

حیدرآباد۔12۔ مئی (سیاست نیوز) ملک میں آج چوتھے مرحلہ کے لئے رائے دہی کا انعقاد عمل میں آنے والا ہے اور اس مرحلہ میں جملہ 96 لوک سبھا نشستوں پر رائے دہی ہوگی جن میں ریاست تلنگانہ 17 حلقہ جات لوک سبھا اور پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں لوک سبھا کے ساتھ ساتھ ریاستی اسمبلی کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 10ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں 96 نشستوں پر منعقد ہونے والی اس رائے دہی کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور تلنگانہ میں چیف الکٹورل آفیسر کی جانب سے فراہم کی جانے والی تفصیلات کے مطابق 1 لاکھ 5ہزار 19 بیالٹ یونٹس کے علاوہ 44ہزار 569 کنٹرول یونٹس اور 48 ہزار 134 وی وی پیاٹ مشینوں کا استعمال کیا جائے گا۔ دونوں شہرو ںحیدرآباد وسکندرآباد میں رائے دہی سے ایک دن قبل انتخابی عہدیدارو ںکو ان کے مراکز کے لئے روانہ کرنے کے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیںاور انہیں انتخابی عمل کے دوران استعمال ہونے والی اشیاء حوالہ کی جانے لگی ہے۔ چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ مسٹر وکاس راج کے مطابق رائے دہی کے دن ریاست بھر میں مراکز رائے دہی کے اطراف و اکناف میں دفعہ 144نافذ رہے گی اور 4 افراد سے زائد کو جمع ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ چوتھے مرحلہ کی رائے دہی میںجہاں تلنگانہ کے 17 حلقہ جات پارلیمان میں انتخابات منعقد ہونے جا رہے ہیں ان انتخابات میں جملہ 525 امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں ملک کی تمام 96 پارلیمانی نشستوں پر مجموعی اعتبار سے 1717 امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں۔ ریاست آندھراپردیش میں موجود 25 حلقہ جات لوک سبھا پر جملہ 454 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ تلنگانہ کی 17اور آندھراپردیش کی 25 نشستوں کے علاوہ 13مئی کو چوتھے مرحلہ میں مہاراشٹراکے 11حلقہ جات پارلیمان‘ بنگال کے 8 ‘ اتر پردیش کے 13‘جھارکھنڈ 4‘ بہار 5 ‘جموں و کشمیر 1‘ مدھیہ پردیش 8 ‘اور اوڈیشہ کی 4 پارلیمانی نشستوں پر انتخابات منعقد ہونے جا رہے ہیں۔ تلنگانہ میں رائے دہی کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کے سلسلہ میں مسٹر وکاس راج نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تمام انتظامات مکمل کرتے ہوئے پرامن رائے دہی کے لئے اضافی خصوصی فورسس کی تعیناتی کے اقدامات کئے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست بھر میں 160 مرکزی فورسس کی کمپنیوں کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے جبکہ ریاستی پولیس کے 72 ہزار اہلکار رائے دہی کے دوران خدمات انجام دیں گیاور اس کے علاوہ 20 ہزار پولیس اہلکاروں کو پڑوسی ریاستوں سے طلب کیا گیا ہے ۔ انہو ںنے مزید بتایا کہ ریاست میں جملہ 2لاکھ 94 ہزار اہلکار رائے دہی کے دوران خدمات انجام دیں گے ۔ تلنگانہ میں جملہ 35ہزار 809 مراکز رائے دہی پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ تلنگانہ کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں میں چوتھے مرحلہ کے دوران انتخابات منعقد ہونے جار ہے ہیں ان تمام مقامات پر بھی انتظامات پورے کرلئے گئے ہیں۔3