تہران میں فرنچ لینگوئج سینٹر بند، پیرس کا جوابی اقدام کا عہد

   

تہران ۔ 21 ستمبر (ایجنسیز) ایران کی جانب سے تہران میں فرانس کے سفارت خانے سے وابستہ فرانسیسی زبان کے ایک مرکز کے بند کیے جانے کے بعد پیرس نے جواباً ’مناسب اقدامات‘ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایرانی حکام کی جانب سے تہران میں فرانسیسی سفارت خانے سے وابستہ فرنچ زبان کے ایک مرکز کے بند کیے جانے کے ردعمل میں فرانس ایرانی سفیر کو طلب کرے گا اور جواباً مناسب اقدامات کرے گا۔ پیرس میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے اتوار کی شام ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ جولائی میں فرانسیسی سفارت خانے کے دو اہلکاروں پر حملے کے بعد ایران میں فرانس کی ثقافتی موجودگی کے خلاف یہ نیا حملہ ناقابل جواز اور ناقابل قبول ہے۔ ایرانی حکام نے اتوار ہی کے روز اعلان کیا تھا کہ اسٹیٹ پراسیکیوٹر کے دفتر کے حکم کے بعد تہران میں فرانسیسی زبان کے ایک مرکز کو بند کر دیا گیا ہے۔ ایرانی عدلیہ کی نیوز ویب سائٹ میزان نے فرنچ لینگوئج سینٹر (سی ایل ایف) کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ تہران میں فرانسیسی سفارت خانے سے وابستہ غیر قانونی مرکز، جو برسوں سے زبان سکھانے کی آڑ میں کام کر رہا تھا، بند کر دیا گیا ہے۔‘‘ ایرانی عدلیہ نے اس مرکز پرسفارتی معاہدوں کی خلاف ورزی کرنے والی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔ میزان نے یہ الزام بھی لگایا کہ اس مرکز نے ’’زبان سکھانے کے ادارے کی اپنی حیثیت کا غلط استعمال‘‘ کیا اور ملک کی اشرافیہ کی شخصیات کی شناخت اور ان کے درمیان نیٹ ورک قائم کرنے، جبکہ انہیں ملک سے باہر جانے میں سہولت فراہم کرنے کی کوشش بھی کی۔