تین کمسن بیٹیو ں کوبے دردی سے قتل کرنے والا باپ فرار

   

واشنگٹن ، 2 جولائی (یو این آئی) امریکہ میں ایک ظالم باپ نے اپنی تین کمسن بیٹیوں کو قتل کردیا، واردات کے بعد ملزم مقامی جنگل میں روپوش ہوگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ کی ریاست واشنگٹن میں ٹریوس ڈیکر نامی ایک شخص نے اپنی سگی 3 کمسن بیٹیوں 9سالہ پائٹن، 8سالہ ایولن اور 5سالہ اولیویا کو موت کے گھاٹ اتار کر فرار ہوگیا۔اس واقعہ کو ایک مہینہ گزر چکا ہے لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود پولیس اُسے ڈھونڈنے میں تاحال ناکام ہے ۔رپورٹ کے مطابق ملزم کا اپنی بیوی وٹنی ڈیکر سے علیحدگی کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے ، عدالت کے حکم پر ان تینوں بچیوں کو باپ سے ملاقات کیلیے بھیجا گیا تھا لیکن وہ ماں کے پاس واپس نہیں آئیں۔بعد زاں ان کی ماں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے تین دن بعد پولیس کو ملزم کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملی جس پر پولیس نے قریبی جنگل میں کارروائی کرکے اُس کی گاڑی ایک کیمپ گراؤنڈ میں کھڑی ڈھونڈ لی۔پولیس حکام کے مطابق جب وہ وہاں پہنچے تو گاڑی کے قریب تینوں بچیوں کی لاشیں پڑی ہوئی تھیں، ان کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور سروں پر پلاسٹک بیگ چڑھائے گئے تھے ۔