نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے فرزند کو کامیاب بنانے تعاون کی اپیل
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ (سیاست نیوز) نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے اپنے فرزند رگھو ویر ریڈی کی کامیابی کے لئے کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر داخلہ کے جانا ریڈی نے کومٹ ریڈی برادرس اور اتم کمارر یڈی سے مدد طلب کی ہے۔ جانا ریڈی نے ریاستی وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ رکن اسمبلی جئے ویر ریڈی اور نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے کانگریس امیدوار رگھو ویر ریڈی موجود تھے۔ جانا ریڈی نے کومٹ ریڈی سے خواہش کی کہ لوک سبھا چناؤ میں فرزند کی بھاری اکثریت سے کامیابی میں مدد کریں۔ اطلاعات کے مطابق دونوں قائدین نے لوک سبھا حلقہ جات بھونگیر اور نلگنڈہ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وینکٹ ریڈی نے دونوں حلقہ جات میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے مساعی کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے جانا ریڈی کو یقین دلایا کہ نلگنڈہ سے رگھو ویر ریڈی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ ضلع کانگریس صدر شنکر نائک اور دیور کنڈہ کے رکن اسمبلی بی نائک نے بھی جاناریڈی کو بھروسہ دلایا کہ وہ رگھو ویر ریڈی کی کامیابی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات میں جانا ریڈی نے ناگرجنا ساگر سے اپنے فرزند جئے ویر ریڈی کو کامیاب بناتے ہوئے خود عملی سیاست سے دور ہوگئے تھے۔ کانگریس ہائی کمان نے ان کے دوسرے فرزند رگھو ویر ریڈی کو نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے امیدوار بنایا ہے۔ 1