جاپان میں H2A کی آخری بار لانچنگ

   

ٹوکیو، 29 جون (یو این آئی) جاپان کے ایچ 2 اے راکٹ کا 50 واں اور آخری کامیاب لانچ آج صبح کے وقت کیا گیا، جس سے اس کے 20 سال سے زیادہ خدمات فراہم کرنے والے سفر کا اختتام ہوگیا۔یہ لانچ کاگوشیما صوبے کے تانیگاشیما خلائی مرکز سے شیڈول کے مطابق کیا گیا تھا۔ آخری مشن میں‘ابوکی-جی ڈبلیو’ سیٹلائٹ بھیجا گیا، جسے جاپان کی ماحولیات کی وزارت، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انوائرمنٹل اسٹڈیز اور خلائی ایجنسی نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے ۔ یہ سیٹلائٹ خلا سے گرین ہاؤس گیسوں کی نگرانی کرے گا۔واضح رہے کہ 2001 کے آغاز سے ایچ 2 اے راکٹ نے جاپان کی خلائی اور سائنسی پیش رفت میں اہم رول ادا کیا ہے اور کئی سیٹلائٹ مدار میں بھیجے ۔ اس دوران 2003 میں ایک ناکامی کے علاوہ تمام لانچ کامیاب رہے ۔ اس کے بعد جاپان اب مکمل طور پر اپنی اگلی نسل کے ایچ 3 راکٹ پر منحصر ہو جائے گا، جس کا مقصد لاگت کو کم کرنا اور عالمی مسابقت کو بڑھانا ہے ۔