جاپان کا نئے میزائل خریدنے کا اعلان

   

ٹوکیو : جاپان نے دفاعی پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق جاپان نے 2027 تک سکیورٹی کے اخراجات کو دو فیصد تک بڑھانے اپنی فوجی کمان کو نئی شکل دینے اور ایسے نئے میزائل حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے جو دشمن کے دور دراز علاقوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔جاپان کے وزیراعظم فویمو کیشیڈا نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ وہ تاریخ کے اس اہم موڑ پر ملک اور اس کے عوام کے تحفظ اور دفاع کے لیے اپنے مشن میں ثابت قدم رہنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے یوکرین پر روس کے حملے کو بطور مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پڑوسی ممالک اور خطہ میں نیوکلیر میزائل کی صلاحیتوں میں اضافہ، فوج کی تیزی سے تشکیل، طاقت کے ذریعہ یکطرفہ طور پر سٹیٹس کو تبدیل کرنے کی کوششیں اور زیادہ واضح ہو گئی ہیں۔ کابینہ کی جانب سے منظور کردہ تین دفاعی اور سیکوریٹی دستاویزات میں بیجنگ کو جاپان کے امن و استحکام کے لیے اب تک کا سب سے بڑا سٹریٹیجک چیلنج قرار دیا گیا ہے۔جاپان کی حکومت مالی سال 2027 تک اپنے دفاعی اخراجات کو جی ڈی پی کے دو فیصد تک بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔