جدہ میں دیوالی، کرن رجیج کی شرکت

   

ریاض۔ 9 نومبر (آئی اے این ایس) مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور و اقلیتی امور کرن رجیجو نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہندوستانی تارکین وطن اور ممتاز سعودی مہمانوں کے ساتھ دیوالی منائی۔ اس موقع پر ہندوستان کے قونصل جنرل فہد سوری کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور ثقافتی ہم آہنگی کا خوب صورت مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔اس تقریب میں روایتی رقص، ثقافتی پروگرام اور دیگر رنگا رنگ سرگرمیاں پیش کی گئیں، جنہوں نے تہوار کی خوشیوں کو دوبالا کردیا۔ کرن رجیجو نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تقریب کی تصاویر اور جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ جدہ میں ہندوستانی قونصل جنرل فہد سوری کی میزبانی میں منعقدہ عشائیے میں شرکت کرکے انہیں بے حد خوشی ہوئی۔ اس اجتماع میں ہندوستانی برادری کے افراد کے ساتھ مقامی سعودی شخصیات بھی شریک ہوئیں، جو دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ دوستی اور عوامی سطح پر مضبوط روابط کی عکاسی کرتی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجیجو نے کہا کہ جدہ واپس آنا ان کے لیے خوشی کا باعث ہے، کیونکہ یہ ان کا اس شہر کا تیسرا دورہ ہے اور ان کا ہر دورہ یادگار، بامقصد اور اہم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی کی یہ تقریب محض ایک تہوار منانے کا موقع نہیں بلکہ ہندوستانیوں اور ہندوستان کے دوستوں، بالخصوص سعودی دوستوں کو ایک ساتھ لانے کا ذریعہ بھی ہے۔