بدعنوانیوں کی تحقیقات جاری رکھنے سپریم کورٹ کی اجازت
حیدرآباد 29 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیاکہ برقی خریدی معاہدہ اور برقی پراجکٹس کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کی جانچ کرنے والے تحقیقاتی کمیشن پر نئے صدرنشین کا جلد ہی تقرر کیا جائے گا۔ اسمبلی میں محکمہ برقی کے مطالبات زر پر مباحث کے دوران مداخلت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ کے سی آر دراصل کمیشن سے خوفزدہ ہیں کیونکہ اُنھیں اندیشہ ہے کہ تحقیقاتی کمیشن اُن کی بے قاعدگیوں کو بے نقاب کردے گا۔ کے سی آر کی جانب سے ہائیکورٹ اور پھر سپریم کورٹ میں درخواست کا حوالہ دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ سپریم کورٹ جسٹس ایل نرسمہا ریڈی کی جگہ نئے صدرنشین کے تقرر کے بارے میں تلنگانہ حکومت سے رائے حاصل کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے نئے صدرنشین کے تقرر سے اتفاق کیا۔ اُنھوں نے واضح کیاکہ کے سی آر کمیشن کو کالعدم قرار دینے کے لئے عدالت گئے تھے لیکن دونوں عدالتوں میں اُن کی درخواست مسترد کردی گئی اور تحقیقات جاری رکھنے کی اجازت دی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ اسمبلی اجلاس کے پیش نظر نئے صدرنشین کے تقرر میں تاخیر ہوئی اور اب جبکہ بی آر ایس ارکان نے یاد دہانی کرائی ہے لہذا بہت جلد نئے صدرنشین کا تقرر کردیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا سے مشاورت کے ذریعہ نئے صدرنشین کا تقرر عمل میں آئے گا۔ 1