عطا پور میں ڈکیتی کے الزام میں دو نوجوان گرفتار
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : عطا پور پولیس نے ڈکیتی کے الزام میں دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ونود کول 29 سالہ ساکن مدھدرا نگر شمس آباد متوطن مدھیہ پردیش جو ڈی سی ایم ڈرائیور ہے ۔ 31 مارچ کی صبح وہ ڈی سی ایم کے ذریعہ بالا نگر سے شمس آباد کی جانب جارہا تھا ۔ عطا پور کے قریب پلر نمبر 173 پر دو نوجوان بائیک نمبر AP12P 0093 پر آکر زبردستی گاڑی کو روکا اور ڈرائیور کو دھمکایا کہ اس نے گزشتہ میں ان کی گاڑی کو ٹکر دیدی جس کے عوض وہ بیس ہزار روپئے ادا کریں ۔ ونود اپنے مالک کو فون کر کے تفصیلات بتا رہا تھا کہ محمد ساحل 21 سالہ محمد امان الدین 22 سالہ ساکن کالا پتھر ونود کا فون چھین کر فرار ہوگئے ۔ ونود کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔۔ ش
قتل مقدمہ میں پندرہ افراد کو عمر قید کی سزا ، کریم نگر کورٹ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ضلع کریم نگر ضلع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج شیوکمار نے ایک شخص کے قتل کے مقدمہ میں 15 افراد کو عمر قید کی سزا کے ساتھ فی کس 1500 روپئے کا جرمانہ عائد کیا ۔ تفصیلات کے مطابق بی تروپتی فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی صدر چمن پلی کریم نگر کا ایم دھرما راجم اور دیگر 14 افراد نے 19 اپریل 2019 میں قتل کردیا تھا ۔ تروپتی کی بیوی کی شکایت پر رورل پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے 15 افراد کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا تھا ۔ مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے تمام 15 ملزمین کو عمر قید کی سزا سنائی اور فی کس 1500 روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ۔۔ ش
وقارآباد میں ضعیف خاتون کا قتل ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد یکم ؍ اپریل (سیاست نیوز) وقارآباد میں ایک ضعیف خاتون کا قتل کردیا گیا جو مکان میں اکیلی رہتی تھی۔ بتایا جاتا ہیکہ مقامی عوام اور پڑسیوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ 62 سالہ پدما اماں کے مکان میں خاموشی کو دیکھ کر پڑوسیوں نے دریافت کیا اور فوری پولیس کو چوکس کردیا۔ مقام واردات کا معائنہ کرنے کے بعد پولیس نے پدما اماں کی موت کو قتل قرار دیا۔ نامعلوم افراد خاتون کے مکان میں داخل ہوئے اور مکان میں لوٹ مچائی اور سرقہ کی خاطر ضعیف خاتون کا قتل کردیا۔ مکان میں الماری کھلی پڑی تھی اور قاتلوں نے ثبوت مٹانے کی مکمل کوشش کی۔ پولیس نے پدمااماں کے مکان جانچ کے بعد بتایا کہ دھنیہ پاؤڈر کا استعمال کیا گیا جو الماری کے قریب پایا گیا۔ اس کے ذریعہ پولیس کی توجہ ہٹانے اور ثبوتوں کو مٹانے کی کوشش کی گئی۔ پولیس ضابطہ کی کارروائی کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور آس پاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ شروع کردی ہے۔ پدمااماں سابقہ اے ایس آئی محکمہ پولیس کی بیوی تھی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع
یوسف گوڑہ میں گیاس سلنڈر کا سرقہ
حیدرآباد یکم ؍ اپریل (سیاست نیوز) ایندھن کی قلت اور پکوان گیس کیلئے پریشان شہر میں اب سلینڈرس کی چوری ہونے لگی ہے۔ اس طرح کا واقعہ یوسف گوڑہ میں پیش آیا۔ مدھورانگر پولیس میں راماکرشنا نامی شخص نے شکایت کی ہیکہ اس کے گھر سے پکوان گیس سلنڈر کا سرقہ کرلیا گیا اور سرقہ کرنے والا کوئی اور نہیں بلکہ اس کا قریبی دوست ہے جو اس کے گھر دعوت میں آیا تھا۔ راماکرشنا جو لکشمی نرسیا نگر علاقہ کا ساکن ہے، اس شخص کی بیوی گزشتہ روز مکان پر نہیں آئی اپنے رشتہ داروں کے یہاں گئی تھی۔ موقع کا فائدہ اٹھا کر راما کرشنا نے گھر پر دعوت رکھی اور اپنے قریبی ساتھی ادے کو طلب کیا۔ دونوں نے مئے نوشی کی اور باتوں میں مشغول ہوگئے اور اس دوران راما کرشنا نے شراب زائد مقدار میں استعمال کرلی اور اس پر سخت نشہ طاری ہوگیا اور ہوش میں نہیں تھا۔ اس موقع کا فائدہ اٹھا کر ادے نے مکان سے 500 روپئے کے علاوہ پکوان گیس سلنڈر لیکر فرار ہوگیا۔ اس واقعہ کی شکایت کے بعد مدھورانگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع
کروڑہا روپیوں کا دھوکہ دینے والا شخص کیرالا سے گرفتار
حیدرآباد : یکم / اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے کیرالا سے تعلق رکھنے والے ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جس نے خانگی کمپنی کے اکاؤنٹنٹ کو 1.20 کروڑ کا دھوکہ دیا ۔ خود کو کمپنی کا سی او ظاہر کرتے ہوئے کیرالا کے متوطن ہرشد نے اپنے دو ساتھیوں انس اور حبا فاطمہ کے ساتھ ملکر واٹس ایپ پروفائل تیار کیا جس میں خود کو کمپنی کا سی او ظاہر کیا ۔ دھوکہ دہی کے ذریعہ 1.20 کروڑ فرضی اکاؤنٹ میں منتقل کروائے ۔ سائبر کرائم پولیس نے اس سلسلہ میں دھوکہ دہی اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا تھا اور آج کیرالا سے دھوکہ باز کو گرفتار کرکے شہر منتقل کیا گیا ۔ ب
ناقص ، سڑے ہوئے پائے ، گردے اور کلیجی کا ذخیرہ ضبط
آر کے پیٹ میں اے ٹو زیڈ شپ اینڈ گوٹ شاپ مہر بند
حیدرآباد : یکم / اپریل (سیاست نیوز) منگل ہاٹ پولیس نے ٹاسک فورس گولکنڈہ زون اور ایچ فاسٹ ٹیم کی مدد سے علاقہ منگل ہاٹ میں دھاوا کیا جہاں پر ناقص اور سڑے ہوئے بکرے کے پائے ، گردے ، کلیجی وغیرہ ڈیپ فریزر رکھ کر مارکٹ میں سپلائی کررہے تھے ۔ پولیس نے اس کارروائی میں 14 ٹن سڑے ہوئے بکرے کے پائے ، کلیجی اور گردے وغیرہ ضبط کرلئے ۔ پولیس کے مطابق منگل ہاٹ علاقہ آر کے پیٹ چشتی چمن میں اے ٹو زیڈ شپ اینڈ گوٹ کے نام سے ایک دوکان چلائی جارہی تھی اور یہاں پر کئی مہینوں سے رکھے ہوئے بکرے کے پائے ، گردے اور کلیجی وغیرہ کو فروخت کیا جارہا تھا ۔ مقامی عوام کی جانب سے اس دوکان کے اطراف و اکناف تعفن پھیلنے سے پولیس کو شکایت کی گئی اور دھاوے میں 14 ٹن مال برآمد کیا گیا ۔ اس کارروائی میں پولیس نے بھاری مقدار میں ناقص اشیاء برآمد کرلئے اور دوکان کے احاطہ کو مہر بند کردیا ۔ اس دوکان کا مالک افروز مفرور بتایا گیا ہے ۔ ب
اے سی بی کی عثمانیہ یونیورسٹی میں کارروائی
بدعنوان عہدیداران رنگے ہاتھوں گرفتار
حیدرآباد ۔یکم اپریل (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو نے عثمانیہ یونیورسٹی میں کارروائی کرتے ہوئے دو بدعنوان عہدیداروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ وظیفہ کی کارروائی میں مدد کیلئے پے بل سیکشن کے دو بدعنوان عہدیداروں نے رشوت حاصل کی تھی ۔ سینئر اسسٹنٹ پے بل سیکشن عثمانیہ یونیورسٹی ایڈمنسٹریشن بلڈنگ اور جونیئر اسسٹنٹ گرفتار کرلئے گئے ۔ سینئر اسسٹنٹ ارویند کی ہدایت پر وظیفہ کی فاضل کارروائی کو آگے بڑھانے جونیئر اسسٹنٹ کے رمیش نے رشوت کا مطالبہ کیا تھا ۔ اے سی بی کے عہدیداروں نے ان کے قبضہ سے 13 ہزار روپئے نقد رقم ضبط کرلیا اور انہیں اے سی بی کی خصوصی عدالت میں پیش کردیا۔ع
جگتیال کے مندر میں عارضی شیڈ گرنے سے عقیدت مندزخمی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : جگتیال ضلع میں چہارشنبہ کا صبح کنڈاگٹو ہنومان مندر میں بانس سے بنا ایک شیڈ گرنے سے عقیدت مندوں کو چوٹیں آئیں ۔ تفصیلات کے مطابق ہنومان جنتی کے موقع پر درشن کیلئے ہنومان مندر میں سینکڑوں عقیدت مندوں کا ہجوم جمع ہوگیا ۔ اسی دوران بانس سے بناک ایک شیڈ ان پر گر گیا جس کی وجہ سے 13 عقیدت مندوں کو معمولی اور دو افراد کو شدید چوٹیں آئیں ۔ جنہیں جگتیال کے سرکاری دواخانہ میں منتقل کیا گیا ۔۔ ش
ملکاجگری میں کال سنٹر کا پردہ فاش ، سائبر دھوکہ باز گرفتار ، موبائل فونس اور دیگر اشیاء ضبط
حیدرآباد ۔یکم اپریل (سیاست نیوز) سائبر کرائم پولیس ملکاجگیری پولیس نے ایک کال سنٹر کا پردہ فاش کردیا جو سائبر دھوکہ بازوں کی جانب سے چلایا جارہا تھا ۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق سرمایہ داری اور ٹریڈنگ کے نام پر یہ کال سنٹر چلاتے ہوئے سائبر دھوکہ باز عوام کو دھوکہ دے رہے تھے ، انہیں اپنے جال میں پھانس کر ان سے لاکھوں روپئے لوٹے جارہے تھے ۔ اس طرح کی ایک شکایت نوین چندرا کی جانب سے پولیس کو حاصل ہوئی ۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق شکایت گزار سے (36,39,010) لاکھ روپئے دھوکہ دیا گیا ۔ پولیس نے اس کارروائی میں ریاست آندھراپردیش کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 9 سائبر دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا جس میں 20 سالہ کے ریونت کمار ، 23 سالہ کے ویدیا چرن ، 25 کے شیوا ورما ، 28 سالہ ایم پون ، 28 سالہ ایم شیوا ، 21 سالہ کے چندرا شیکھر ، 22 سالہ ایم کارتکیہ ورما اور 22 سالہ این یشیوا کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 45 موبائیل فون ، ایک لیاب ٹاپ اور تین راؤٹرس ، 2 ٹیاس، 22 چیک بکس 40 اے ٹی ا یم کارڈز ، 20 سم کارڈز کے علاوہ آدھار ، ووٹر آئی ڈی اور پیان کارڈز کو ضبط کرلیا ۔ گزشتہ ماہ فروری میں شکایت گزار کو آن لائین انوسٹمنٹ فراڈ کا شکار بنایا گیا ۔ پولیس نے عوام کو سائبر دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہنے کی درخواست کی ہے۔ع
لوک عدالت میں مقدمہ کی یکسوئی کے نام پر رشوت طلب کرنے والا پولیس عہدیدار گرفتار
حیدرآباد ۔یکم اپریل (سیاست نیوز) لوک عدالت میں مقدمہ کی یکسوئی کیلئے رشوت کا مطالبہ کرنے والے ایک بدعنوان پولیس ملازم کو اینٹی کرپشن بیورو نے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق چیتنیہ پوری پولیس اسٹیشن سے وابستہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر آف پولیس ملکاجگیری کمشنریٹ پوسلا بالیا کو اے سی بی نے 15 ہزار روپئے بطور رشوت حاصل کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بالیا اے ایس آئی نے اے سی بی کے شکایت گزار سے رشوت حاصل کر رہا تھا ۔ اے سی پی کے مطابق اے ایس آئی بالیا نے شکایت گزار سے مقدمہ میں مدد اور مخالف شخص سے لوک عدالت میں مقدمہ کی یکسوئی کیلئے رشوت کا مطالبہ کیا تھا ۔ اینٹی کرپشن بیورو نے اس رشوت خور اے ایس آئی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور اے سی بی کی خصوصی عدالت میں پیش کردیا۔ع
کیسرا میں ڈاکٹر کی خودکشی
حیدرآباد یکم ؍ اپریل (سیاست نیوز) کیسرا کے علاقہ میں ایک ڈاکٹرکی خودکشی کا واقعہ پیش آیا۔ ڈاکٹر جوزف نے جو اپنی کار میں سوار تھا، مشتبہ طور پر زہریلے انجکشن کا استعمال کرلیا۔ کیسرا کے علاقہ میں آوٹر رنگ پر ایک کار میں نعش پائی گئی۔ اطلاع کے بعد جب پولیس نے اس کا معائنہ کیا تو اس کی شناخت ڈاکٹر جوزف کی حیثیت سے کرلی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا گیا ہے جوزف نے گھریلو تنازعات سے تنگ آ کر انتہائی اقدام کیا۔ ڈاکٹر جوزف کے والد نے جوزف کی بیوی پر ہراسانی کا الزام لگایا اور کہا کہ جوزف کو اس کی بیوی کی جانب سے شدید ہراسانی کا سامنا تھا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع
حیدرآباد اور دیگر مقامات سے پانچ سائبر ملزمین گرفتار
ملزمین کا کمبوڈیا کے فراڈ سنڈیکیٹ سے تعلق ، تلنگانہ سائبر سیکوریٹی بیورو کی کارروائی
حیدرآباد۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ سائبر سیکیورٹی بیورو (ٹی جی سی ایس بی)، ہیڈ کوارٹرز سائبر کرائم پولیس اسٹیشن (سی سی پی ایس) نے حیدرآباد، ورنگل اور اتر پردیش سے 5 سائبر مجرموں کو گرفتار کیا ہے جو کمبوڈیا سے چلنے والے سائبر فراڈ سنڈیکیٹ سے قریبی طور پر منسلک تھے۔ اس گروہ نے بھارتی شہریوں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ تفصیلات کے مطابق 29 سالہ رضوان متوطن اترپردیش ، 30 سالہ سید اشرف علی ساکن الجبیل کالونی چندرائن گٹہ ، سید سہیل ساکن تالاب کٹہ ، عتیق احمد ساکن تالاب کٹہ ، 29 سالہ اشوک متوطن ضلع کریم نگر اس دھوکہ دہی کے ریاکٹ میں ملوث ہیں ۔ تلنگانہ سائبر کرائمس نے بتایا کہ مذکورہ افراد نے دھوکہ دہی کا ایک نیٹ ورک قائم کیا جس کا سرغنہ کمبوڈیا میں مقیم ہے ۔ اس کیس کا کلیدی ملزم رضوان مقامی ایجنٹس کے ذریعہ سم کارڈ حاصل کرتا ہے اور اس نے 2023 ء سے اب تک مختلف افراد کے ناموں سے 600 سم کارڈس حاصل کیا ہے ۔ اسی طرح دیگر ملزمین نے بین الاقوامی نیٹ ورک قائم کیا اور دھوکہ دہی کا ریاکٹ چلارہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ ایسی سرگرمیاں قومی سلامتی، معاشی استحکام اور عوامی امن کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ ٹی جی سی ایس بی صفر ٹالرنس پالیسی پر عمل کر رہا ہے اور تمام ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے اپیل ہے کہ بینک اکاؤنٹ کھولنے یا سم کارڈ حاصل کرنے میں احتیاط کریں اور اپنے دستاویزات کا غلط استعمال نہ ہونے دیں ۔ ب
بچے کو ہلاک کرنے کے بعد ماں کی خود کشی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : کوکٹ پلی میں ایک خاتون نے اپنے بچوں کو پھانسی دینے کے بعد خود بھی خود کشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق بی پروین ورنگل ضلع کے چناراؤ پیٹ کے یلاریڈی گوڈیم نے شرونتی نامی خاتون سے شادی 15 سال قبل کی تھی جس کے بعد وہ موسیٰ پیٹ کے راگھاویندرا سوسائٹی میں منتقل ہوگیا ۔ پروین نے ایک سال قبل مہیشوری نامی خاتون سے دوسری شادی کرلی ۔ جس کے بعد دونوں میں جھگڑے شروع ہوگئے ۔ منگل کو پروین کام کے لیے گھر سے باہر گیا اور جب واپس گھر لوٹا تو دروازہ اندر سے بند تھا ۔ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوا تو بیوی اور بچے پھانسی پر لٹکے ہوئے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ شرونتی نے پہلے بچوں کو پھانسی دینے کے بعد خود پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ۔۔ ش