جـــرائـــم و حـــادثــات

   

اضافی دودھ کے لیے جانوروں پر خطرناک انجکشن کا استعمال
ایک شخص گرفتار ، اسپیشل آپریشن ٹیم اپل کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ڈیری فام کے دودھ دینے والے جانوروں پر خطرناک انجکشن کا استعمال کرنے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ زائد مقدار میں دودھ کی فراہمی کیلئے جانوروں کو انجکشن دیا جاتا ہے جو نہ صرف ان مویشیوں کیلئے بھی بلکہ استعمال کرنے والوں کیلئے بھی خطرناک سمجھا جاتا ہے ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم اپل زون نے ایک کارروائی کے دوران رنگیا یادو نامی شخص کو گرفتار کرلیا جو اکٹیوسن نامی انجکشن فروخت کررہا تھا ۔ ڈیری فام کے نگران کار اور مالکین کی جانب سے ان انجکشن کی خریداری کا انکشاف ہوا ہے ۔ ایس او ٹی نے یادو کے قبضہ سے انجکشن کو ضبط کرلیا ۔ اور اس بات کی تحقیقات جاری ہیں کہ رنگیا یادو ان انجکشن کو کہاں سے خریدا کرتا تھا اور کن مقامات پر فروخت کرتا تھا اور اس کے گاہکوں کے علاوہ اس خطرناک نٹ ورک کا بھی پولیس پتہ لگانے میں مصروف ہے جو دودھ دینے والے مویشیوں کو اکٹیوسن انجکشن دیا کرتے ہیں ۔ ان انجکشن کے سبب مویشی خطرناک حالات کو پہونچ جاتا ہے ۔ ایس او ٹی پولیس نے گرفتار شخص کو ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ پوچارام آئی ٹی کاریڈار پولیس کے حوالے کردیا جہاں مزید تحقیقات جاری ہیں ۔۔ ع m/b
گھانسی میاں گوڑہ میں سڑک حادثہ ، ایک شخص ہلاک ، دوسرا زخمی
شمس آباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد کے موضع گھانسی میاں گوڑہ میں چہارشنبہ کی ابتدائی ساعتوں میں ایک تیز رفتار کار نے لاری کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا شخص زخمی ہوگیا ۔ شمس آباد انسپکٹر نریندر ریڈی نے بتایا کہ ایس اجئے کمار 31 سالہ ساکن شمس آباد اپنے دوست پرسنا کمار 29 سالہ ساکن مدور شاہ آباد منڈل پیر کی رات اپنے دوست کی سالگرہ تقریب میں شرکت کیلئے کتور گئے اور چہارشنبہ کی صبح واپس شمس آباد آرہے تھے کہ شمس آباد کے موضع گھانسی میاں گوڑہ میں نیشنل ہائی وے پر ایک لاری سے تیز رفتار کار ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں اجئے کمار کی واقع پر ہی موت ہوگئی اور پرسنا کمار شدید زخمی ہوگیا ۔ زخمی کو دواخانہ منتقل کرتے ہوئے اجئے کمار کی لاش کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ۔۔
ورنگل میں زیورات کی دکان کا معائنہ ، دس کروڑ مالیتی سونا ضبط
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بیورو آف انڈین اسٹانڈرس کے عہدیداروں نے ورنگل میں سونے کے زیورات کی فروخت سے متعلق شکایات کے بعد ان کی جانچ کی جو معیار اور پاکیزگی کے معیار پر پورا نہیں اترتے ۔ انہوں نے ہال مارک منفرد شناختی نمبر (HUID) کے بغیر زیورات فروخت کرنے والی دکان دریافت کی جو معیار کی تصدیق کرتی ہے ۔ عہدیداروں نے منگل کو دکان پر چار گھنٹے کے معائنہ کے دوران 7.875 کلوگرام سونے کے زیورات ضبط کئے جن کی مالیت 10 کروڑ روپئے سے زیادہ کی تھی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ چھاپے بی آئی ایس کیئر ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کے جواب میں کئے گئے ۔۔ ش m/b

جیویلری شاپ میں سرقہ کرنے والے ملزمین گرفتار ، مسروقہ زیورات ضبط
حیدرآباد۔ 22 جولائی (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ بنجارہ ہلز میں جیویلری شاپ میں پیش آئی سرقہ کی سنسنی خیز واردات میں ملوث دو سارقین کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے ایک کیلو سے زائد مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس گائیکواڈ ویبھو رگھوناتھ نے بتایا کہ 17 جولائی کو علاقہ بنجارہ ہلز میں واقع ایک مشہور جیویلری شاپ میں سرقہ ہوا تھا جس میں نامعلوم سارقین نے واش روم کے وینٹی لیٹر سے اندر داخل ہوکر یہ واردات انجام دی تھی۔ پولیس بنجارہ ہلز نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سرقہ میں ملوث دو سارقین 29 سالہ سون کامبلے ہریش جو گرو کروپا ایکسپورٹ پرائیویٹ لمیٹیڈ منگل ہاٹ میں سیلس ایگزیکٹیو کی ملاقات کرتا ہے اور اس کے ایک رشتہ کا بھائی سون کامبلے آکاش ساکن منگل ہاٹ دونوں کا تعلق کرناٹک کے ضلع بیدر سے ہے۔ ٹاسک فورس ڈی سی پی پی نے بتایا کہ ہریش جو پیشہ سے سیلس ایگزیکٹیو ہے، اپنے کام کے سلسلے میں کئی مشہور جیویلری شاپ جایا کرتا تھا اور وہاں سے ہیرے اور سونے کے زیورات کا آرڈر لے کر اسے متعلقہ جیویلری شاپ کے حوالے کردیا کرتا تھا۔ ہریش جو مالی تنگی کا شکار ہے، 16 جولائی کو سرقہ کی غرض سے مشہور جیویلری شاپ پہنچ کر وہاں کا معائنہ کیا اور 17 جولائی کو جیویلری شاپ کی برقی مسدود کرتے ہوئے باتھ روم کے وینٹی لیٹر سے اندر داخل ہوگیا اور وہاں پر موجود ہائی سکیورٹی لاکر کو کھولنے کے بعد ایک کیلو 28 گرام طلائی زیورات کا سرقہ کرکے فرار ہوگیا۔ ٹاسک فورس جوبلی ہلز زون نے اس کیس میں ملوث سارقین کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مکمل مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ بJM

حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں کو سزا اور جرمانے
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : چکڑ پلی ٹریفک پولیس نے شراب نوشی کر کے گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے جانے والے 37 افراد کو نامپلی کورٹ میں پیش کیا ۔ کورٹ نے شراب پی کر گاڑی چلاتے ہوئے پہلی مرتبہ پکڑے جانے والے تین افراد کو دو دن کی جیل کی سزا سنائی ۔ دوسری مرتبہ پکڑے جانے والے دو افراد کو دو دن کی جیل کی سزا سنائی ۔ دیگر 32 افراد کو کورٹ نے شراب پی کر گاڑی چلانے پر جرمانہ عائد کیا ۔ چکڑپلی ٹریفک انسپکٹر کے ایڈوکنڈلو نے بتایا کہ 32 افراد کو کورٹ نے جملہ 2,25,300 روپئے کا جرمانہ عائد کیا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شراب نوشی کرنے کے بعد گاڑی نہ چلائے ۔ جس سے ان کی اور سڑک پر سفر کرنے والے دیگر افراد بھی محفوظ رہ سکے ۔۔ ش m/b

بین ریاستی گانجہ اسمگلروں کی ٹولی بے نقاب
گانجہ برآمد ، چارمینار زون ٹاسک فورس ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد۔ 22 جولائی (سیاست نیوز) چارمینار زون کی ٹاسک فورس ٹیم نے بین ریاستی گانجے کے اسمگلروں کی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 3 افراد بشمول ایک روڈی شیٹر کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 22 کیلوگرام گانجہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق 35 سالہ مرزا جعفر بیگ عرف صدام جو بالاپور پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر ہے اور شاہین نگر کا ساکن ہے، وہ اپنے ساتھیوں 22 سالہ عود بن علی یافعی اور 22 سالہ سردار من پریت سنگھ ڈھلون کی مدد سے اڈیشہ کے ضلع بھرام پور سے گانجہ حاصل کرتے ہوئے اسے شہر میں فروخت کررہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ اڈیشہ سے شہر میں اس کاروبار کو چلانے کیلئے ابراہیم بن سلیم بامر اور جانی عرف سنی کی مدد حاصل کررہے تھے۔ گرفتار ملزمین کے قبضہ سے 22 کیلو گانجہ برآمد کرلیا گیا اور انہیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں تلنگانہ پولیس کی انسداد منشیات فورس (ایگل ) ٹیم نے مشیرآباد پولیس کی مدد سے گانجے کی منتقلی میں ملوث ایک ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 11.767 کیلوگرام گانجہ برآمد کرلیا۔ اس کاروبار میں ملوث تین افراد 25 سالہ بی راجکمار، 20 سالہ وائی لکشمی جگدیش جو گریجویشن کا طالب علم ہے اور 19 سالہ ایم روی جن کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے۔ مذکورہ تین ملزمین آندھرا پردیش کے املاپورم سے تعلق رکھنے والے ریشاوتھ عرف نمو کی مدد سے وشاکھاپٹنم ایجنسی ایریا سے گانجہ حاصل کرتے ہوئے اسے شہر میں فروخت کررہے تھے۔ گانجہ کے لوڈ کے ساتھ وشاکھاپٹنم سے بذریعہ ٹرین حیدرآباد پہنچنے والے تھے کہ انہیں باکارام علاقہ میں واقع رسال گڈھ حویلی کے قریب گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمین کے قبضہ سے 5.88 لاکھ مالیتی گانجہ برآمد کرلیا گیا۔ بJM

ٹرانسکو عہدیداروں اور رشوت خور عہدیداروں کے خلاف اے سی بی کی کارروائی
حیدرآباد۔ 22 جولائی (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے بدعنوان عہدیداروں اور رشوت خور ملازمین کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اے سی بی نے آج ٹرانسکو کے عہدیدار کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔ ڈیویژنل انجینئر (ڈی۔ای) تلنگانہ ٹرانسکو متیم وینکٹ رمنا کے مکان پر دھاوا کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اے سی بی کے عہدیداروں نے ہائی ٹیک سٹی میں واقع میناکشی اسکائی لانچ اپارٹمنٹ میں واقع ڈی ای کے مکان کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی کارروائی کو انجام دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ضروری دستاویزات، بینک لین دین اور دیگر تفصیلات اور دستاویزات اور لاکرس کی مکمل جانچ کی جارہی ہے۔ امکان ہے کہ اے سی بی جانچ مکمل ہونے کے بعد تمام تفصیلات کو جاری کرے گی۔ ع؍F m/b/