امریکی شہریوں کو امریکی عہدیداروں کے بھیس میں دھوکہ‘فرضی کال سنٹرنیٹ ورک کے خلاف کارروائی
حیدرآباد، 4 نومبر( سیاست نیوز )امریکہ کے شہریوں کو امریکی سرکاری عہدیداروں کا بھیس اختیار کرتے ہوئے دھوکہ دینے والے فرضی کال سنٹرنٹ ورک کے خلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے حیدرآباد زونل آفس نے کارروائی کرتے ہوئے مزید چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد کی شناخت ہرشل نین بھائی راول، جسونت سنگھ، چیتن منجل اور پرناؤ پیتھادیا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ انہیں 3 نومبر کو انسداد منی لانڈرنگ قانون (PMLA) کی دفعہ 19(1) کے تحت گرفتار کیا گیا۔ نامپلی کی خصوصی عدالت نے چاروں ملزمین کو عدالتی تحویل میں دے دیا ہے۔ اس طرح اس معاملہ میں گرفتار افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ ای ڈی کے مطابق تحقیقات کے دوران ضبط شدہ ڈیجیٹل ریکارڈ سے انکشاف ہوا کہ جولائی 2025 سے ستمبر 2026 کے درمیان 927 منظور شدہ وصولیوں کے ذریعہ تقریباً 261 کروڑ روپے جمع کئے گئے۔ ملزمین امریکی شہریوں کو فون کرتے ہوئے خود کو امریکی سرکاری محکموں کے عہدیدار ظاہر کرتے اور مختلف بہانوں سے ان سے رقم، سونا اور دیگر قیمتی اشیاء حاصل کرتے تھے۔ای ڈی کا الزام ہے کہ پرناؤ پیتھادیا پٹیالہ میں قائم کال سنٹرس کا مالک اور منتظم تھا، جہاں تقریباً 242 ملازمین کام کررہے تھے۔ ان میں 110 افراد فون کالز کرنے کے کام پرتھے۔ وہ ادائیگیوں کی منظوری اور رقم کی منتقلی کے معاملات پر نظر رکھتا تھا۔ وصول شدہ رقم امریکی بینک کھاتوں اور دبئی میں موجود کھاتوں کے ذریعہ منتقل کی جاتی تھی۔ اسی طرح ہرشل راول مبینہ طور پر رقم کی وصولیوں، منافع کی تقسیم اور دبئی منتقلی کا ریکارڈ رکھتا تھا جبکہ جسونت سنگھ امریکہ میں نقد رقم اور پارسل وصول کرنے کا انتظام کرتا تھا۔ ای ڈی کے مطابق یہ رقم مختلف ذرائع اور حوالہ نیٹ ورک کے ذریعہ ہندوستان منتقل کی جاتی تھی۔ چیتن منجل پر الزام ہے کہ وہ رابڈیتا کارپوریٹس میں 25 فیصد حصہ دار ہے اور اس نے کال سنٹرس کو مبینہ تحفظ فراہم کرتے ہوئے دھوکہ دہی سے حاصل ہونے والی رقم وصول کی۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ اس کمپنی کے ریسٹورنٹ کاروبار میںبھی مبینہ طور پر 23.19 کروڑ روپے مالیتی جائیدادوں اور اثاثوں کی نشاندہی ہوئی ہے جن میں چندی گڑھ کی اراضیات اور دیگر املاک شامل ہیں۔ ملزمین کی جانب سے رقم کو یو ایس ڈی ٹی اور بٹ کوائن جیسی کرپٹو کرنسی میں تبدیل کرکے مختلف ممالک، بشمول سنگاپور اور جنوبی کوریا منتقل کئے جانے کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں-ب
قانون کی خلاف ورزی کے بارہا مرتکبین کو جیل کی سزا
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) ضلع میڑچل کی ایک عدالت نے بار بار ایک ہی طرح کی قانونی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو جیل بھیج دیا ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی میں نو افراد کو عدالت نے جیل منتقل کر دیا، اور ان پر تئیس ہزار ایک سو روپے جرمانہ عائد کیے گئے۔بتایا جاتا ہے کہ میڑچل ٹریفک پولیس کی جانب سے نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم چلائی گئی۔ اس دوران چند افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں نو افراد ایسے ہیں جو بار بار قانونی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ان افراد کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں میڑچل کی فرسٹ کلاس عدالت نے ان نو افراد کو جیل منتقل کر دیا۔ ان میں سے پانچ افراد کو پانچ دن کے لیے ، دو افراد کو دس دن کے لیے ، ایک شخص کو تین دن اور ایک شخص کو سات دن کے لیے جیل کی سزا سنائی گئی۔ع
میر پیٹ میں 2 خواتین کا قتل
حملہ آور کی ساس اور برادر نسبتی کی بیوی شامل
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) شہر کے علاقے میرپیٹ میں ایک شخص نے سسرالی رشتہ داروں پر حملہ کرتے ہوئے دو خواتین کو ہلاک کر دیا، جن میں حملہ آور کی ساس اور برادرِ نسبتی کی بیوی بتائی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ ایک انتقامی کارروائی ہو سکتی ہے جو خاندانی جھگڑوں اور تنازعات کے سبب پیش آئی۔ بتایا جاتا ہے کہ میرپیٹ حدود کی جے شری کالونی میں اس دوہرے قتل کی واردات سے سنسنی پھیل گئی۔ جن دو خواتین کو ہلاک کیا گیا ان کی شناخت نرنجن بی اور رشما کی حیثیت سے کر لی گئی، جبکہ صدیق پر حملے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ صدیق، نرنجن بی کا داماد بتایا جاتا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق صدیق نے مہلک ہتھیار سے سسرالی رشتہ داروں پر حملہ کرتے ہوئے دو خواتین کو ہلاک کر دیا۔ اس واقعے کی اطلاع کے بعد میرپیٹ پولیس نے مقامِ واردات کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھا کرتے ہوئے ضابطے کی کارروائی انجام دی۔ تاہم متوفیوں کے افرادِ خاندان کا الزام ہے کہ میرپیٹ پولیس کی جانب سے ان کی درخواست کو نظر انداز کر دیا گیا۔ میرپیٹ پولیس سے متاثرہ خواتین کے افرادِ خاندان کی جانب سے تحفظ فراہم کرنے کی بار بار درخواست کی جا رہی تھی، تاہم پولیس نے ان کی درخواست کو نظر انداز کر دیا۔افرادِ خاندان کا الزام ہے کہ پولیس کی جانب سے لاپروائی اور تحفظ فراہم کرنے میں ٹال مٹول کے سبب دو خواتین ہلاک ہو گئیں۔ متاثرہ افرادِ خاندان نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے پولیس کے رول کی بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور قاتل کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم حملے کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا۔ع
سنگاریڈی میں سڑک حادثہ ، میاں ، بیوی ہلاک
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : سنگاریڈی ضلع کے کندی منڈل میں قومی شاہراہ 65 پر منگل کی رات ایک تیز رفتار کار کھمبے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ایک جوڑا ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے بتایا کہ وائی نرسمہلو 40 سالہ اور اس کی بیوی 33 سالہ مونیکا ساکن گاجولا گوڈیم شنکر پلی سے سنگاریڈی کی جانب اپنی کار میں جارہے تھے کہ کندی منڈل کے قریب نرسمہلو کا توازن بگڑ گیا اور وہ کار کو قابو کرنے میں ناکام ہوگئے اور کار کھمبے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں دونوں کو شدید چوٹیں آئیں اور دونوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔ سنگاریڈی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے دونوں کی لاشوں کو سرکاری دواخانہ منتقل کردیا ۔۔ ش a/b
نیلور کے 29 اکتوبر سے لاپتہ 5 ماہی گیر بازیاب
حیدرآباد۔ 4 نومبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش نیلور ضلع کے چیرالا منڈل کے اڈورو سے تعلق رکھنے والے پانچ ماہی گیر 29 اکتوبر کو سمندر میں جانے کے بعد سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ انہیں میرین پولیس اور ریونیو حکام کی جانب سے مشترکہ تلاشی آپریشن کے بعد بحفاظت بازیاب کرلیا گیا۔ یہ ماہی گیر ایک کشتی میں سوار ہوکر گئے تھے۔ جب کشتی مقررہ وقت پر نہیں پہنچی تو مالک نے حکام کو مطلع کیا جس کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا اور پھنسے ہوئے ماہی گیروں کا سراغ لگالیا۔ انہیں بحفاظت کرشنا پٹنم بندرگاہ لایا گیا اور میرین ڈی ایس پی کی نگرانی میں طبی معائنہ کے لئے دواخانہ منتقل کردیا گیا۔ ضلع کلکٹر نے پولیس اور ریونیو حکام کی ستائش کی۔ ش؍F
غیرقانونی ریت منتقل کرنے والے 4 ٹپر ضبط
نارائن پیٹ ۔4 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ٹاسک فورس اور ٹاؤن پولیس نے نارائن پیٹ ٹاؤن کے سنگارم گیٹ پر غیر قانونی طور پر ریت کی نقل و حمل کرنے والے چار ٹپروں کو ضبط کیا۔پولیس کے معائنے کے دوران چار ٹپروں کی نشاندہی کی گئی جو مناسب اجازت نامے کے بغیر ریت لے جا رہے تھے
اور انہیں پوچھ گچھ کے لیے تھانے لے جایا گیا ۔ .1 آنند کے والد سدپا، کونکل گاؤں، یادگیر ضلع (کرناٹک) – ٹپر نمبر: KA52N2882۔.2والم پلی راجو کے والد بسپا، ساسن پلی گاؤں، نارائن پیٹ منڈل – ٹپر نمبر: KA33A7902۔.3 جے رگھویر کے والد اشوک گوڑ، ٹپراسپلی گاؤں، اتکور منڈل ٹپر نمبر: TG38T3123۔.4 بویا شیوا کے والد ہنمنتھو، جاجا پور گاؤں، نارائن پیٹ منڈل ۔ٹپر نمبر: TG38T4149۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ٹاؤن ایس آئی وینکٹیشورلو نے کہا کہ پکڑے گئے چار ٹپروں کے ڈرائیوروں سے پوچھ گچھ کی گئی اور ڈرائیوروں اور مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ، تحقیقات جاری ہے۔