سری نگر : پی ڈی پی صدر اور سابق چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے کہا کہ مرکز شمال مشرقی ریاستوں میں تخریب کاروں سے بات کر رہی ہے لیکن جموں وکشمیر میں عام لوگوں کے ساتھ بھی تخریب کاروں جیسا سلوک رکھا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا’ہم سرنڈر نہیں کریں گے ہم سفید جھنڈا نہیں لہرائیں گے اگر ہمارے ساتھ وقار سے بات کی جائے ہم اس کا جواب عزت سے دیں گے تاہم اگر ہمارے ساتھ بندوق سے بات کریں گے تو اس سے کام نہیں چلے گا’۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے والد مفتی محمد سعید کی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہاکہ شمال مشرق ریاستوں میں تخریب کاروں سے مرکز بات کر رہی ہے لیکن جموں وکشمیر میں عام لوگوں کو مارا جا رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ، این آئی اے اور ایس آئی اے سے چھاپہ ماری جاری ہے مرکز کو مرحوم مفتی محمد سعید کے نقش پا پر چل کر علیحدگی پسندوں سے نمٹنا چاہئے ۔ان کے مطابق طاقت کے بل پر آج تک قوموں کو فتح نہیں کیا گیا بلکہ مسائل کے حل کی خاطر بات چیت ناگزیر ہے ۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ مرحوم چیف منسٹر نے لوگوں کے دل جوڑنے کی کوشش کی ، علیحدگی پسندوں کو صحیح راستہ دکھایا تاکہ وہ ملک میں عزت و وقار کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہاکہ مرحوم مفتی محمد سعید نے ہمیشہ امن و امان کی بات کی ۔سابق ڈپٹی چیف منسٹر مظفر حسین بیگ نے کہاکہ مفتی محمد سعید ایسی شخصیت تھے جنہوں نے زخموں پر مرہم کی پالیسی سے بات کی ۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم مفتی محمد سعید ہندوستان کے پہلے مسلم وزیر داخلہ تھے اور آج تک ملک کے کسی دوسرے مسلمان کو وزیر داخلہ نہیں بنایا گیا ۔