سری نگر۔ کورونا کے یومیہ کیسز میں درج ہو رہے ہوشربا اضافے کے پیش نظر جموں و کشمیر انتظامیہ نے یونین ٹریٹری میں’ویک اینڈ‘ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے ۔ یونین ٹریٹری میں ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ چیف سکریٹری، جو محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ، ریلیف، بحالی و تعمیر نو جموں وکشمیر کی اسٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، نے گذشتہ شام کورونا کی موجودہ صوتحال کی تفصیلی جائزہ میٹنگ کے بعد لیا۔ اسٹیٹ ایگزیکیٹو کمیٹی کی طرف سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ یونین ٹریٹری میں ‘ویک اینڈس’ پر تمام غیر ضروری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔ حکمنامے میں کہا گیا کہ علاوہ ازیں یونین ٹریٹری کے تمام اضلاع میں شبانہ کرفیو رات کے نو بجے سے صبح کے 6 بجے تک مسلسل جاری رہے گا۔ ایس ای سی نے حکمنامے میں کہا ہے کہ کمیونٹی لیڈروں، مارکیٹ انجمنوں و دیگر متعلقین کو ساتھ لے کر اس وبا کی لہر کو کم کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔