:عوام سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل:
جناب زاہد علی خاں کو چیک حوالے، غریب مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے اقدامات کا فیصلہ،ملت فنڈ کی خدمات میں توسیع
حیدرآباد ۔13۔نومبر (سیاست نیوز) ملت کی فلاح و بہبود ہمیشہ روزنامہ سیاست کی اولین ترجیح رہی ہے۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی سرپرستی میں سیاست ملت فنڈ کی جانب سے اقلیتوں کے معاشی طور پر کمزور طبقات کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے لئے جاری غیر معمولی خدمات کو مزید توسیع دینے کیلئے رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں نے اپنی تنخواہ کے 20 لاکھ روپئے کی رقم ملت فنڈ میں بطور عطیہ حوالے کی ہے۔ جناب عامر علی خاں نے جنوری 2024 میں رکن قانون ساز کونسل کے طور پر نامزدگی کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی تنخواہ فلاحی سرگرمیوں کے سلسلہ میں ملت فنڈ میں بطور عطیہ پیش کریں گے۔ جناب عامر علی خاں نے اپنی تنخواہ کی اب تک کی مجموعی رقم 20 لاکھ روپئے کا چیک جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کے حوالے کیا اور ملت فنڈ کی فلاحی سرگرمیوں میں خرچ کرنے کی خواہش کی۔ روزنامہ سیاست ملک میں مظلوم مسلمانوں کی مدد کا طویل ریکارڈ رکھتا ہے۔ ہندوستان کے کسی بھی حصہ میں فسادات کے ذ ریعہ اقلیتوں کو نشانہ بنایا جائے یا پھر آفات سماوی کے سبب بھاری تباہی ہو ، ہر دو صورتوں میں روزنامہ سیاست نے کروڑہا روپئے ریلیف فنڈ کے ذریعہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کی۔ گجرات فسادات ، ممبئی فسادات اور کشمیر میں زلزلہ سے ہوئی تباہی کے موقع پر روزنامہ سیاست نے غیر معمولی امدادی کام انجام دیئے جس کی نہ صرف عوام بلکہ سیول سوسائٹی نے ستائش کی۔ جناب عامر علی خاں نے تلنگانہ کے تقریباً تمام اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے مسلمانوں کی تعلیمی ، معاشی ، سماجی اور سیاسی پسماندگی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے عہد کیا کہ وہ نہ صرف حکومت بلکہ ملت فنڈ کے ذریعہ مسلمانوں کی تعلیمی ترقی اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے ۔ قانون ساز کونسل کی رکنیت پر فائز ہونے کے بعد جناب عامر علی خاں نے پہلا اعلان یہی کیا تھا کہ وہ اپنی تنخواہ ملت فنڈ میں بطور عطیہ پیش کردیں گے۔ اپنے اس جذبہ کو حقیقت میں تبدیل کرتے ہوئے جناب عامر علی خاں نے اپنی تنخواہ کی اب تک کی مجموعی رقم 20 لاکھ روپئے کا چیک جناب زاہد علی خاں کے حوالے کیا جو سیاست ملت فنڈ کے سرپرست ہیں۔ غریب مسلم خاندانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے علاوہ لا وارث میتوں کی تدفین کے لئے ملت فنڈ کی خدمات ملک بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے۔ جناب عامر علی خاں نے ثابت کردیا کہ انہیں عہدہ یا کسی منصب کی کوئی خواہش نہیں ہے ۔ وہ عہدہ کا استعمال ملت کے مسائل کے حل کیلئے کریں گے اور انہوں نے کئی اہم شعبہ جات میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے نمائندگی کی ہے ۔ تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ٹیچرس کے مسائل کو بھی حکومت سے رجوع کیا گیا ہے ۔ پسماندہ مسلم طبقات کو فلاحی اسکیمات میں مناسب حصہ داری دلانے میں جناب عامر علی خاں مساعی کر رہے ہیں۔ حکومت کی سطح پر غریب مسلمانوں کی مدد کرنے کے علاوہ سیاست ملت فنڈ کے ذریعہ غریب مسلم خاندانوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے کئی امدادی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے جس میں تعلیمی اسکالرشپ شامل ہے۔ 1