نفرت کے خاتمہ کیلئے کانگریس کی تائید کی اپیل، ہنمنت راؤ، شیخ عبداللہ سہیل اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں چلائی گئی۔ اے آئی سی سی رکن اور سابق رکن اسمبلی پی وشنو وردھن ریڈی کی قیادت میں سماج کے مختلف طبقات سے ملاقات کرتے ہوئے راہول گاندھی کا پیام حوالے کیا گیا۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ، نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن، صدرنشین تلنگانہ میناریٹیز ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل، صدرنشین او بی سی ڈپارٹمنٹ این سریکانت، صدر خیریت آباد ضلع کانگریس کمیٹی روہن ریڈی، بھوانی شنکر،ونئے ریڈی، محمد قدیر اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر کانگریس قائدین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے خلاف کانگریس کی مہم سے وابستہ ہوجائیں۔ راہول گاندھی نے ملک میں نفرت کے خاتمہ کیلئے کنیا کماری سے کشمیر تک پدیاترا کا اہتمام کیا اور فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف عوام کو متحد کرنے کی کوشش کی۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی عوامی مسائل پر جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں کانگریس کو عوامی تائید حاصل ہوگی۔ دونوں حکومتیں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہیں۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اقلیتی بہبود کے بجٹ میں کمی کردی ہے اور بی آر ایس حکومت نے مسلمانوں سے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر تمام طبقات کی بھلائی یقینی ہوگی۔ کانگریس پارٹی نے شہر کے تمام اسمبلی حلقے جات میں بلدی وارڈس کی بنیاد پر مہم کا فیصلہ کیا ہے ۔ ر
مہم کے تحت ہر اسمبلی حلقہ کے انچارج عہدیدار کو ذمہ داری دی گئی کہ وہ روزانہ کسی نہ کسی ایک علاقہ میں پدیاترا کو یقینی بنائیں ۔ر