جگتیال میں جلسہ عام بی آر ایس طاقت کے مظاہرے کی تیاری میں مصروف

   

کے ٹی آر اور ہریش راؤ تیاریاں اور انتظامات کا جائزہ لینے آج جگتیال روانگی
حیدرآباد ۔17۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کی سیاست میں ایک اہم پیشرفت کے تحت بی آر ایس پا رٹی 20 اپریل کو جگتیال میں ایک بڑا جلسہ عام منعقد کر رہی ہے جسے پارٹی اپنی طاقت کے مظاہرے کے طور پر پیش کر رہی ہے ۔ جلسہ عام میں پارٹی کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر کے سی آر شرکت کریں گے ۔ پارٹی کی جانب سے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ جلسہ عام کی تیاریوں اور انتظامات کا معائنہ کرنے کیلئے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور بی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ ہفتہ کو جگتیال کا دورہ کریں گے اور مقامی پارٹی کے قائدین اور جلسہ عام کے انچارجس سے ملاقات کرتے ہوئے نہ صرف جلسہ گاہ کے مقام کا معائنہ کریں گے بلکہ انتظامات کا بھی جائزہ لیں گے ۔ بتایا جارہا ہے کہ دونوں قائدین ہفتہ کو صبح 9 بجے نارسنگی سے ایک ہی کار میں جگتیال کیلئے روانہ ہوں گے ۔ اس جلسہ عام میں کانگریس سے مستعفی ہونے والے سینئر قائد ٹی جیون ریڈی بی آر ایس میں شامل ہوں گے جس کو ریاست کی سیاست میں ایک نئی پیشرفت کے طور پر دیکھا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ بی آر ایس کی سلور جوبلی تقریب کے موقع پر کے سی آر آخری مرتبہ ورنگل میں منعقدہ جلسہ عام میں شرکت کی تھی جس کے بعد 20 اپریل کو جگتیال میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے ضمنی انتخاب کے علاوہ گرام پنچایت اور میونسپل انتخابات کی انتخابی مہم میں بھی حصہ نہیں لیا تھا جس کی وجہ سے اس جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے بی آر ایس کی جانب سے بڑے پیمانہ پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔2/k