حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی کو راحت دیتے ہوئے بیرونی دورہ کی اجازت دے دی ہے۔ جگن موہن ریڈی نے لندن میں اپنی دختران سے ملاقات کیلئے دورہ کی اجازت کی درخواست سی بی آئی عدالت میں داخل کی تھی۔ سی بی آئی کے وکیل نے بیرونی دورہ کی اجازت کی مخالفت کی اور عدالت نے فیصلہ محفوظ کردیا تھا۔ سی بی آئی عدالت نے آج جگن موہن ریڈی کے حق میں فیصلہ سنایا اور وہ 16 مئی سے یکم جون تک بیرونی دورہ پر رہیں گے۔ جگن موہن ریڈی نے لندن ، فرانس اور سوئزر لینڈ کے دورہ کی اجازت طلب کی ہے۔سی بی آئی عدالت نے جگن موہن ریڈی کو افراد خاندان کے ساتھ مذکورہ مدت کے دوران بیرونی دورہ کی منظوری دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جگن موہن ریڈی کی دختران لندن میں زیر تعلیم ہیں۔ عدالت نے جگن موہن ریڈی کو ہدایت دی کہ بیرونی ممالک میں رابطہ کے ٹیلی فون نمبرات، میل آئی ڈی اور دیگر تفصیلات عدالت اور سی بی آئی کو فراہم کئے جائیں ۔1