ڈبل بیڈ روم مکانات ، بستی دواخانے ، موبائیل ٹائیلٹس اور شہر کی انقلابی ترقی سے عوام مطمئن : ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین
حیدرآباد :۔ ڈپٹی مئیر حیدرآباد بابا فصیح الدین نے کہا کہ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں گریٹر حیدرآباد انقلابی ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ سارے ہندوستان میں جی ایچ ایم سی واحد میونسپل کارپوریشن ہے جہاں صد فیصد ایل ای ڈی لائٹس کا انتظام ہوا ہے ۔ اس کے دو فائدے ہیں ۔ سڑکیں اور بستیاں روشنیوں سے منور ہیں اور برقی اخراجات بھی بڑی حد تک گھٹ گئے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ دسمبر تک 85 ہزار مکانات عوام میں تقسیم کرنے کے لیے تیار رہیں گے ۔ سارے ہندوستان میں تلنگانہ ہی واحد ریاست ہے جہاں غریب عوام کے لیے مفت ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 300 سے زائد بستی دواخانے قائم کئے گئے ہیں جہاں پر ہر قسم کے علاج کی سہولت ہے اور مزید 200 بستی دواخانوں کے قیام کا ڈیمانڈ ہے ۔ ایس آر ڈی پی پراجکٹ کے تحت سڑکوں کا جال پھیلایا جارہا ہے ۔ اس پراجکٹ کے لیے 30 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ تقریبا 700 کیلو میٹر سڑکوں کی نگہداشت خانگی ایجنسیوں کے حوالے کیے گئے ہیں ۔ سڑکیں ناکارہ ہوتی ہیں تو مرمت کی ذمہ داری انہی ایجنسیوں پر عائد ہوتی ہے ۔ شہر حیدرآباد سرسبز و شاداب بنانے کے لیے گریٹر حیدرآباد کو 5 زونس میں تبدیل کرتے ہوئے پارکس اربن پارکس کو ترقی دینے کے علاوہ موجودہ پارکس کو ترقی دینے کے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد میں 4000 سے زائد موبائل ٹائیلٹس قائم کئے جارہے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں برقی کٹوتی اور پینے کے پانی کی قلت کا مسئلہ ختم ہوگیا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے ریاست اور جی ایچ ایم سی کے عوام پوری طرح مطمئن ہیں ۔۔