حیدرآباد ۔ 24 فبروری (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد سابق وزیر جی چناریڈی کو تلنگانہ پلاننگ کمیشن کا نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔ حکومت نے کابینی عہدے کے ساتھ جی چناریڈی کو پلاننگ کمیشن کا نائب صدرنشین نامزد کیا۔ اس سلسلہ میں احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی ہائی کمان نے انہیں اسمبلی حلقہ ونپرتی سے پارٹی امیدوار بنانے کا اعلان کیا تھا بعد میں فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے جی چناریڈی کے بجائے میگھاریڈی کو ٹکٹ دیا گیا جنہوں نے اس وقت کے وزیر نرنجن ریڈی کو شکست دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔ واضح رہیکہ جی چناریڈی اسمبلی حلقہ ونپرتی سے تین مرتبہ ایم ایل اے کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی۔ 1985ء میں یوتھ کانگریس صدر کی حیثیت سے انہوں نے پہلی مرتبہ مقابلہ کرتے ہوئے شکست سے دوچار ہوئے تھے۔ 1989ء کے انتخابات میں انہوں نے کامیابی حاصل کی۔ 1994ء کے انتخابات میں انہیں شکست ہوئی۔ 1999ء کے انتخابات میں کامیاب ہوئے۔ 2004ء کے انتخابات میں کامیاب ہوئے اور ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی کابینہ میں شامل ہوئے۔2