حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) سابق گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے کہا کہ جیل نے انہیں لکھنا سکھادیا ہے اس سے قبل وہ اس قابل نہیں تھے۔ اپنی کتاب’ اونیکا ‘ کی رسم اجراء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ودیا ساگر راؤ نے کہا کہ وہ ایک سال تک جیل میں رہے اور وہیں انہوں نے لکھنا سیکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر کے عہدہ پر فائز رہتے ہوئے انہوں نے اپنے حالات زندگی پر مشتمل کتاب تحریر کی ہے جس کا عنوان ’ اونیکا ‘ دیا گیا ہے۔ کتاب میں طویل سیاسی سفر کے نشیب و فراز کی تفصیلات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میں انہوں نے آر ایس ایس سے آغاز سے لیکر گورنر کے عہدہ تک کے تجربات کو شامل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسم اجراء تقریب میں انہیں چیف منسٹر اور کانگریس قائدین کی شرکت پر خوشی ہے۔ میں نے گورنر مہاراشٹرا کی حیثیت سے تین چیف منسٹروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کیا تھا۔ سابق میں چیف منسٹرس میرا انتظار کرتے رہے لیکن آج میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا استقبال کررہا ہوں۔ ودیا ساگر راؤ نے اِسکل یونیورسٹی کے قیام اور حکومت کے دیگر ترقیاتی اقدامات جیسے حیڈرا اور موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ کی ستائش کی۔1