نئی دہلی: جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے مرکز برائے عربی مطالعات کے زیر اہتمام مختلف زمانوں میں عربی ادب کی اصناف کے عنوان سے دو روزہ سیمینار کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوا ۔ اس افتتاحی اجلاس کی صدارت اسکول آف لینگوجز کی ڈین پروفیسر شوبھا نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر عرب لیگ مشن میں وزیر مفوض کے عہدے پر فائز ڈاکٹر مازن المسعودی، پروفیسر زبیر احمد فاروقی اور پروفیسر نعمان خان اس اجلاس کی زینت رہے ۔ افتتاحی خطاب میں پروفیسر شوبھا نے عربی زبان و ادب اور فرانسیسی زبان و ادب پر ایک دوسرے کے اثرات پر گفتگو کی جبکہ مہمان خصوصی ڈاکٹر مازن نے عرب و ہند کے تعلقات کے ساتھ ساتھ عربی زبان و ادب میں ہندوستانیوں کی بیش قیمت خدمات کو سراہا۔ پروفیسر زبیر فاروقی نے کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے مختلف زمانوں میں عربی ادب کی اصناف پر سیر حاصل گفتگو کی جبکہ پروفیسر نعمان خان نے اپنے خطاب میں سیمینار کے انعقاد پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس کی ستائش کی۔ سیمینار میں مرکز برائے عربی مطالعات کے صدر پروفیسر مجیب الرحمان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔