حافظ مزمل ہاشمی قتل کیس ‘ تمام ملزمین جیل بھیج دئے گئے

   

ملزمین کو تحویل میں لینے میلار دیو پلی پولیس کی راجندر نگر عدالت میں درخواست

حیدرآباد : /26 فبروری (سیاست نیوز) میلاردیوپلی شاستری پورم میں گزشتہ ہفتہ پیش آئے حافظ سید مزمل ہاشمی کے قتل کیس میں ملوث تمام ملزمین کو پولیس نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے ۔ تازہ کارروائی میں پولیس نے گرفتار ملزمین کی پولیس تحویل حاصل کرنے راجندر نگر کورٹ میں درخواست داخل کی ۔ تفصیلات کے مطابق /17 فبروری کو سید مزمل ہاشمی پر مقامی جماعت کے لیڈرس غوث ، خلیل اور دیگر نے آہنی سلاخوں اور لاٹھیوں سے حملہ کرکے قتل کردیا تھا ۔ بے گناہ مزمل ہاشمی پر حملہ کے بعد پولیس نے اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا تھا اور انتقال کے بعد دفعات میں ترمیم کرکے قتل کا مقدمہ درج کیا تھا ۔ حافظ سید مزمل ہاشمی اپنے بھائی فردین ہاشمی کو غوث اور اس کے بیٹے کے حملہ سے بچانے کی کوشش کے دوران خود حملہ کا شکار ہوگیا تھا ۔ واضح رہے کہ مزمل ہاشمی پر غوث اس کے بیٹے الطاف اور دیگر جن میں قدیر ، خلیل جو مقامی جماعت کے سرگرم کارکن اور ایک ایم ایل سی کے حامی بتائے گئے ہیں نے اسماعیل اور نذیر کی مدد سے قاتلانہ حملہ کرکے زخمی کردیا تھا ۔ زخمی نوجوان کو خانگی دواخانہ علاج کیلئے شریک کیا گیا تھا جہاں وہ /22 فبروری کو زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا لیکن معاملہ کی مزید تحقیقات کیلئے گرفتار ملزمین کو حراست میں لینے راجندر نگر عدالت میں پولیس تحویل کی درخواست داخل کی ہے ۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر میلاردیوپلی پولیس اسٹیشن بی ستیہ نارائن نے بتایا کہ گرفتار ملزمین سے مزید معلومات حاصل کرنی ہے اور قتل کیس کی تحقیقات کیلئے ملزمین کی تحویل لازمی ہے ۔ عدالت میں تحویل کیلئے درخواست داخل کی گئی ہے جس پر اندرون دو یوم فیصلہ متوقع ہے ۔