محمد سلیم کے ساتھ کیمپ کا معائنہ، عازمین حج کیلئے بہتر سہولتوں کی ستائش
حیدرآباد۔/19 جون، ( سیاست نیوز) صدرنشین حج کمیٹی آف انڈیا جناب اے پی عبداللہ کٹی نے آج حج ہاوز نامپلی پہنچ کر حج کیمپ 2022 کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم کی دعوت پر صدرنشین حج کمیٹی آف انڈیا دو روزہ دورہ پر حیدرآباد پہنچے۔ حج قافلوںکی روانگی کے موقع پر حج کمیٹی آف انڈیا کے صدرنشین کی آمد پہلی مرتبہ ہوئی۔ انہوں نے حج کیمپ نامپلی میں عازمین حج سے ملاقات کی اور انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے لگیج سیکشن، فوڈ سیکشن، پاسپورٹ سیکشن اور دیگر شعبہ جات سے متعلق کاؤنٹرس کا معائنہ کیا۔ عبداللہ کٹی نے حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی اور کہا کہ صدرنشین محمد سلیم کی خصوصی دلچسپی سے عازمین حج کیلئے حج کیمپ اور ایر پورٹ پر موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں حج انتظامات دیگر ریاستوں کے مقابلہ ہمیشہ بہترین رہے ہیں اور وہ تلنگانہ کے انتظامات کا پہلی مرتبہ شخصی طور پر جائزہ لیتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں۔ محمد سلیم نے انہیں عازمین حج کو دی جانے والی سہولتوں سے واقف کرایا اور بتایا کہ شمس آباد انٹرنیشنل ایر پورٹ پر عازمین کی روانگی کیلئے علحدہ انتظام کیا گیا ہے اور وضو خانے اور نماز گاہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی آف انڈیا نے بہتر انتظامات پر تلنگانہ حج کمیٹی کے صدرنشین اور ارکان و عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ، اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف کے علاوہ حج کمیٹی کے ارکان سید غلام احمد حسین، جعفر خان، عرفان الحق اور ایگزیکیٹو آفیسر آندھرا پردیش حج کمیٹی ایل عبدالقادر موجود تھے۔ر