الحاج محمد سلیم کا متفقہ انتخاب یقینی، 14 ارکان کی شمولیت
حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز)تلنگانہ حج کمیٹی صدرنشین کے انتخاب کیلئے حکومت کی جانب سے نامزد کردہ ارکان کا اجلاس کل 9 مئی کو 11:30 بجے دن حج ہاوز میں منعقد ہوگا۔ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے دو علحدہ جی اوز جاری کرکے تلنگانہ حج کمیٹی کیلئے 16 ارکان کو نامزد کیا ہے جن میں 2 بااعتبار عہدہ ارکان شامل ہیں۔ صدرنشین کے انتخاب کیلئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کو الیکشن آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ حج کمیٹی ایکٹ کے تحت نامزد ارکان میں سے کسی ایک کا اتفاق رائے سے صدرنشین کے عہدہ پر انتخاب کیا جاتا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے صدرنشین کے عہدہ کیلئے الحاج محمد سلیم سابق ایم ایل سی کے نام کو منظوری دی گئی ہے اور ارکان کے اجلاس میں ان کا متفقہ طور پر انتخاب یقینی ہے۔ جن 16 ارکان کو حج کمیٹی میں نامزد کیا گیا ان میں اسد الدین اویسی ایم پی، جعفر حسین معراج ایم ایل اے، فاروق حسین ایم ایل سی، سید نظام الدین، سید عرفان الحق، سید نادر علی رضوی، محمد سلیم، نوید اقبال، نصیر الدین، جعفر خاں اور سید غلام احمد حسین شامل ہیں۔ صدر نشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خاں اور ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ با اعتبار عہدہ حج کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ر