حج کیمپ 2022 ء کے موثر انتظامات کی ریاستی وزراء نے ستائش کی

   

کے ایشور ، محمود علی اور پرشانت ریڈی نے محمد سلیم کو تہنیت پیش کی
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2022 ء کے موثر انتظامات پر ریاستی وزراء نے صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور ، وزیر داخلہ محمد محمود علی اور وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی نے حج کمیٹی کے آفس پہنچ کر حج کیمپ کے انعقاد کی تفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے صدرنشین حج کمیٹی کو تہنیت پیش کرتے ہوئے بہتر انتظامات پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اسحق امتیاز اور ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین موجود تھے۔ صدرنشین حج کمیٹی نے ریاستی وزراء کو حج کیمپ اور ایرپورٹ پر حجاج کرام کیلئے کئے گئے انتظامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوںکی طرح تلنگانہ کا حج کیمپ ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ نمبر ون ثابت ہوا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ کے انتظامات کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے جملہ 3081 حجاج کرام حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بہتر انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مدینہ منورہ سے حجاج کرام کی وطن واپسی کا 28 جولائی کو آغاز ہوگا۔ صدرنشین حج کمیٹی نے ریاستی وزراء سے خواہش کی کہ حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر ایرپورٹ پر استقبال کے لئے موجود رہیں۔ حجاج کرام کی واپسی کے سلسلہ میں حج کمیٹی نے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ مکہ مکرمہ سے حجاج کرام کے قافلوںکی مدینہ منورہ روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ ر