چٹگانگ : پاکستان کے پیس بولر حسن علی ایک سال کے دوران ٹسٹ میچ میں پانچ مرتبہ پانچ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے۔ کرکٹ ایکسپرٹ مظہر ارشد کے مطابق اس سے قبل پاکستان کی جانب سے یہ کارنامہ عمران خان نے 1982 اور وقار یونس نے 1990 میں انجام دیا۔ پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس 1993 میں بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں اور پاکستان کی جانب سے وہ واحد فاسٹ بولر ہیں جو ایک سال میں 6 مرتبہ پانچ وکٹیں لے چکے ہیں۔ حسن علی نے یہ کارنامہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان چٹگانگ میں جاری پہلے ٹسٹ کے دوران انجام دیا ہے۔ حسن نے پہلی اننگز میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کے پانچ بیاٹرس کو پویلین بھیجا جس میں انہوں نے شادمان اسلام، لٹن داس، یاسر علی، ابوجاوید اور عبادت حسین کی وکٹیں حاصل کئے۔ حسن علی کی شاندار بولنگ کی بدولت بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 330 رنز پر آؤٹ ہوئی۔