تلنگانہ ریاست میں محکمہ ٹرانسپورٹ سے پانچ ڈرائیونگ ٹریک ، عصری کیمروں کی تنصیب
حیدرآباد۔30۔ستمبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ میں اب ڈرائیونگ لائسنس کا حصول آسان نہیں ہوگا کیونکہ AI کیمروں کی نگرانی میں کئے جانے والے ڈرائیونگ ٹسٹ کے نتائج کی بناء پر ہی ڈرائیونگ لائسنس کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی !بتایاجاتاہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ تلنگانہ نے ریاست کے 5 ڈرائیونگ ٹریک کو عصری کیمروں سے لیس کرنے اور ان ٹریک کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے کے اقدامات کا آغاز کیا ہے اور اس سلسلہ میں موٹر کارتیار کرنے والی کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ کے تعاون و اشتراک سے عالمی معیار کے ڈرائیونگ ٹسٹ ٹریک تیار کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق CURE کور اربن ریجن اکنامی میں شامل سائبر آباد ‘ ملکا جگری ‘ حیدرآباد کے علاوہ کریم نگر میں موجود ڈرائیونگ ٹریک کو عصری بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں AI کیمروں سے آراستہ کیا جائے گا۔جوائنٹ کمشنر ٹرانسپورٹ مسٹر ایم چندرشیکھر گوڑ نے بتایا کہ ریاست میں ڈرائیونگ ٹسٹ میں انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنے کے اقدامات کئے جار ہے ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں اس پراجکٹ کے آغاز کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے تحت گذشتہ یوم محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں نے ناگول کے علاوہ کونڈا پور میں موجود ڈرائیونگ ٹسٹ ٹریک کا معائنہ کرتے ہوئے AI کی نگرانی والے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے عمل کا جائزہ لیا ۔ بتایاجاتاہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلیٰ عہدیداروں کی کمیٹی نے دہلی ‘ اترپردیش اور اوڈیشہ میں استعمال کی جانے والی عصری ٹکنالوجی کا جائزہ لینے کے بعد اس پراجکٹ کو تیار کرتے ہوئے عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ عہدیداروں کا کہناہے کہ ڈرائیونگ ٹسٹ ٹریک کو عصری بناتے ہوئے AI سے مربوط کیمروں کی نگرانی میں رکھنے کا مقصد لائسنس کی اجرائی میں انسانی مداخلت کو کم سے کم کرتے ہوئے شفافیت پیدا کرنا ہے۔3/m/b