حیدرآباد بلدی انتخابات میں کووڈ قواعد پر عمل کی تیاریاں

   

بہار الیکشن پر عہدیداروں کی نظریں، پولنگ اور کاونٹنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات میں کووڈ قواعد پر عمل آوری اسٹیٹ الیکشن کمیشن کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں ۔ انتخابی مہم اور رائے دہی کے موقع پر کووڈ قواعد کی پابندی کے سلسلہ میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے بہار پر توجہ مرکوز کی ہے۔ بہار میں اکتوبر ۔ نومبر میں اسمبلی انتخابات مقرر ہیں جو کورونا کے آغاز کے بعد سے ملک میں پہلے اسمبلی انتخابات ہیں۔ الیکشن کمیشن بہار میں کووڈ قواعد کے ساتھ انتخابات کے انعقاد کا گہرائی سے جائزہ لے رہا ہے تاکہ بہار ماڈل کو حیدرآباد بلدی انتخابات میں اختیار کیا جاسکے۔ کمیشن ذرائع نے بتایا کہ کورونا کے بعد پہلے اسمبلی انتخابات پر ہماری نظر ہے۔ اگر کووڈ قواعد پر موثر عمل آوری کے ساتھ رائے دہی ہوتی ہے تو حیدرآباد میں اسی طریقہ کو اختیار کیا جائے گا ۔ کمیشن نے انتخابی تیاریوں کے سلسلہ میں عہدیداروں کی ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے ۔ بلدیہ کے تمام ڈپٹی کمشنرس اور ہر سرکل سے دو کمپیوٹر آپریٹرس کو انتخابی ٹریننگ میں شامل کیا گیا۔ فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دینے کے علاوہ پولنگ بوتھس اور کاؤنٹنگ سنٹرس کی نشاندہی کا کام ابھی باقی ہے۔ اکتوبر و نومبر میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا کام شروع کیا جائیگا جس کے تحت فوت افراد یا پھر مقام تبدیل کرنے والے افراد کے نام فہرست سے حذف کردیئے جائیں گے۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر سی پارتھا سارتھی نے کہا کہ پولنگ بوتھس کی نشاندہی کا کام اختتامی مرحلہ میں ہے جبکہ کاؤنٹنگ سنٹرس کے انتخاب کا کام جاری ہے ۔ فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کے سلسلہ میں رضاکارانہ تنظیموں کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہے۔ نوڈل ہیلت آفیسر کو کووڈ گائیڈ لائینس پر عمل آوری کی ذمہ داری دی جائے گی۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کیلئے امیدوار کے ساتھ صرف دو افراد کو اجازت رہیگی۔ کورونا پازیٹیو یا مشتبہ ایسے افراد جو کورنٹائن ہوں ، ان کیلئے پوسٹل بیالٹ کی سہولت فراہم کی جائیگی ۔ انتخابی مہم اور اس سے مربوط تمام سرگرمیوں میں ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ کی برقراری لازمی رہے گی۔